ترکیہ ،ارجنٹائن،چلی ،ایتھنز میں اسرائیلی مظالم کیخلاف احتجاج

 17 اگست کو ملک گیر ہڑتال،نیتن یاہو حکومت سے غزہ جنگ ختم کرنے کا مطالبہ
 استنبول، سنتیاگو،بیونس آئرس ،ایتھنز،تل ابیب  (آئی این پی )دنیا بھر میں اسرائیل کی جانب سے غزہ میں  ظلم کے خلاف احتجاج  جاری   ہے۔ ترکیے کے شہر استنبول سمیت دنیا بھر میں ہزاروں افراد نے اسرائیل کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے غزہ میں جنگ فوری طور  پر  روکنے کا مطالبہ کیا  ۔ استنبول میں    اسرائیل کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی  ۔شرکاء نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھارکھے تھے جن پر فلسطین کے حق میںاور اسرائیل مخالف نعرے درج تھے ۔ادھر چلی کے دارالحکومت سینتیاگو میں خالی برتن بجا کر غزہ میں جبری قحط کے خلاف احتجاجی مارچ کیا گیا جبکہ  ارجنٹائن میں بھی فلسطینیوں سے اظہاریکجہتی کیا گیا اور دارالحکومت بیونس آئرس میں سینکڑوں لوگوں نے غزہ میں جاری نسل کشی بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ یونان کے دارالحکومت میں بھی  اسرائیلی جارحیت کے خلاف بڑی ریلی نکالی گئی۔شہریوں نے فلسطینی بچوں کی تصاویر اٹھا کر ریلی میں شرکت کی، مظاہرین نے نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل غزہ میں حملے بند کرے، مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ اسرائیل غزہ میں خون کی ہولی کھیل رہا ہے، دنیا جبر کے خلاف کھڑی ہو۔دوسری جانب اسرائیل کے شہر تل ابیب میں یرغمالیوں کے اہلخانہ نے نیتن یاہو حکومت سے غزہ جنگ ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے 17 اگست کو ملک گیر ہڑتال کی کال دے دی۔