یہ سرخی غزہ میں بہنے والے بے گناہ فلسطینیوں کے خون کی علامت ،احتجاجی مظاہرین
لندن(آئی این پی ) برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں امریکی سفارتخانے کے باہر اسرائیل کے مظالم کے خلاف ایک منفرد انداز میں احتجاج ریکارڈ کرایا گیا، جہاں مظاہرین نے ایک تالاب یا فوارے میں سرخ رنگ ڈال کر اسے خون کے پانی میں بدل دیا۔غیرملکی خبررساںادارے کے مطابق احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ یہ سرخی غزہ میں بہنے والے بے گناہ فلسطینیوں کے خون کی علامت ہے، جسے دنیا نظر انداز کر رہی ہے۔ انہوں نے امریکا پر الزام عائد کیا کہ وہ اسرائیل کو نہ صرف سیاسی بل کہ فوجی امداد دے کر اس ظلم میں شریک ہے۔احتجاج کے دوران مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر ’’اسرائیل کو ہتھیاروں سے مسلح کرنا بندکرو‘‘،’’آپ کے ہاتھ خون سے رنگے ہیں‘‘ اور ’’ فلسطین کو آزادی دو ‘ ‘ جیسے نعرے درج تھے۔