بھارت، اے ٹی ایم مشین سے30 لاکھ کی رقم چوری

نئی دہلی (آئی این پی )بھارت  کی ریاست تلنگانہ کے ضلع رنگاریڈی میں ملزمان نے انتہائی مہارت سے کارروائی کرتے ہوئے  اے ٹی ایم  مشین میں سے 30 لاکھ روپے کی رقم چرالی۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق چار رکنی گروہ ایک کار میں ایس بی آئی اے ٹی ایم پہنچا، نقاب پوش افراد نے سی سی ٹی وی کیمروں پر اسپرے کیا۔ملزمان نے ایمرجنسی سائرن کو بجنے سے روکنے کے لیے سینسر کے وائر بھی کٹ کردیئے، بعد ازاں انہوں نے کٹر اور لوہے کی سلاخوں کی مدد سے ATM کو توڑدیا۔رپورٹس کے مطابق چار منٹ کے اندر انہوں نے ATM توڑ کر رقم نکال لی۔ اس کے بعد با آسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، مقامی افرادکی اطلاع کی بنیاد پر پولیس کے اعلی عہدیدار وہاں پہنچ گئے۔پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ شواہد اکٹھے کرلئے ہیں، جبکہ مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔