ترکیہ میں خوفناک زلزلہ ، عمارتیں زمین بوس، خاتون جاں بحق

 جرمن ریسرچ سینٹر فار جیوسائنسز نے شدت 6.19 اور گہرائی 10 کلومیٹر ریکارڈ کی 
استنبول (آئی این پی )ترکیہ کے شمال مغربی صوبے بالکسر میں  6.1 شدت کا خوفناک زلزلہ آیا جس کے باعث  کئی عمارتیں  ملبے کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئیں جبکہ  ایک عمررسیدہ خاتون جاںبحق  اور متعدد افراد زخمی ہوگئے ۔ترکیہ کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کے مطابق زلزلے کے جھٹکے مقامی وقت کے مطابق شام 7 بج کر 53 منٹ پر ریکارڈ کیے گئے اور ان کا اثر دور دراز استنبول تک محسوس کیا گیا۔  زلزلے کی گہرائی 11 کلومیٹر  ( 6.8 میل ) تھی جبکہ جرمن ریسرچ سینٹر فار جیوسائنسز نے زلزلے کی شدت 6.19 اور گہرائی 10 کلومیٹر ریکارڈ کی ہے۔مقامی میڈیا نے بتایا کہ ترکیہ کے متعدد صوبوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں۔ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی نے بتایا کہ ترکیہ کے سب سے بڑے شہر استنبول کے قریبی صوبے بالکیسر کے ضلع سندرگی میں زلزلہ آیا  ۔سندرگی سے آنے والی تصاویر میں تباہ شدہ عمارتیں، مڑی ہوئی لوہے کی سلاخیں اور ملبے کے اونچے ڈھیر واضح طور پر دکھائی دے رہے ہیں۔ترکیہ کے وزیر داخلہ کے مطابق 81 سالہ خاتون کو ملبے سے زندہ نکالا گیا لیکن چند لمحوں بعد ہی وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔زلزلے سے 16 عمارتیں مکمل طور پر زمین بوس ہو گئیں جبکہ 29 افراد زخمی ہوئے