بھارت سے 6دریا واپس لے سکتے ہیں بلاول بھٹو
پاکستان نے ہر محا ذ پر بھارت کو شکست دی، بھارت کے ساتھ جنگ ہم نے شروع نہیں کی لیکن مکمل ہم نے کی، پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کو تاریخی جواب دیا، مودی کوبتاناچاہیں گے ہم پیچھے نہیں ہٹتے‘ہم جھکتے نہیں
تمام سیاسی جماعتوں نے اختلافات بھلاکر وطن کا دفاع کیا، نوجوانوں نے سوشل میڈیا پر بھارت کا مقابلہ کیا‘ ،بھارت یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدہ ختم نہیں کرسکتا: شاہ عبداللطیف بھٹائی کے عرس پر تقریب سے خطاب
بھٹ شاہ(آئی این پی ) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہمارے ملک کے ہر صوبے کے شہری بھارت کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھٹ شاہ پہنچے، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن اور نثار کھوڑو بھی ان کے ہمراہ تھے۔بلاول بھٹو زرداری نے شاہ عبدالطیف بھٹائی کے عرس میں شرکت کی، جہاں وزیر ثقافت سندھ ذوالفقار علی شاہ نے ان کا استقبال کیا، چیئرمین پیپلزپارٹی نے شاہ عبداللطیف بھٹائی کے عرس پر ایوارڈز تقریب میں شرکت کی، تقریب میں لوک اورصوفی فنکاروں نے کلام پیش کیے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم سب شاہ عبداللطیف بھٹائی کے ماننے والے ہیں۔انہوں نے تقریب کے شرکا سے کہا کہ بھارت کے ساتھ جنگ ہم نے شروع نہیں کی لیکن مکمل ہم نے کی، پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کو تاریخی جواب دیا، مودی کوبتاناچاہیں گے ہم پیچھے نہیں ہٹتے،ہم جھکتے نہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے اختلافات بھلاکر وطن کا دفاع کیا، نوجوانوں نے سوشل میڈیا پر بھارت کا مقابلہ کیا۔چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کا جو اعلان بھارت نے کیا ہے، یہ اس خطے کا سب سے بڑا فیصلہ ہے، جب بھی ایسی صورتحال ہوئی تو یہاں کے عوام سندھو کو بچانے کیلئے اٹھ کھڑے ہوتے ہیں ، بھارت یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدہ ختم نہیں کرسکتا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم نے سفارتی مشن کے دوران پوری دنیا میں مودی کے سندھو پر حملے کے بارے میں آگاہ کیا ہے ، ہم نے ہر جگہ امن کی بات کی، لیکن بھارت جنگ چاہتا ہے، ہم نے بھارت کو دنیا بھر میں بے نقاب کیا، ہم نے اب بھی مودی کے خلاف آواز اٹھانی ہے۔ا نہوںنے کہا پاکستان نے ہر محا ذ پر بھارت کو شکست دی اور ہمارے ملک کے ہر صوبے کے شہری بھارت کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں،پاکستانی عوام میں اتنی طاقت ہے وہ نہ صرف جنگ میں بھارت کا مقابلہ کرسکتے ہیں بلکہ ان سے 6 دریا واپس بھی حاصل کرسکتے ہیں۔