گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کراچی میں ڈمپر حادثات میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ کے لیے پلاٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ ان حادثات میں متاثرہ خاندانوں کو ایک ایک پلاٹ دیا جائے گا اور کراچی بلڈرز اس حوالے سے فائلیں فوری طور پر حوالے کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ کراچی اتحاد رمضان کے ذریعے یگانگت اور یکجہتی کا پیغام دیا جا رہا ہے۔ گورنر سندھ نے والدین کو اپنے بچوں پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی اور اسکولوں کے اساتذہ کے میڈیکل ٹیسٹ کرانے کی بات کی۔کامران ٹیسوری نے کہا کہ وہ گورنر ہاؤس میں منشیات کے خلاف سیل بنانے جا رہے ہیں اور کسی کو بلیک میل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ گورنر سندھ نے اپنی جان کو خطرہ محسوس ہونے کا بھی ذکر کیا، اور کہا کہ انہیں عمران فاروق طرز پر قتل کرنے کی دھمکیاں ملی ہیں، تاہم وہ لندن کا دورہ مکمل کر چکے ہیں۔انہوں نے صوبائی وزیر داخلہ کو پرائیویٹ گارڈز کے متعلق خط لکھنے کا ارادہ ظاہر کیا اور کہا کہ اس حوالے سے پالیسی وضع کی جانی چاہیے تاکہ شہر میں سکیورٹی کے معاملات بہتر ہو سکیں۔