ویب ڈیسک: چیف آپریٹنگ آفیسر ایئر پورٹ منیجر آفتاب گیلانی نے کہا ہے کہ اس سال حج آپریشن کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، اور روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ کے تحت 90 ہزار عازمین حج سفر کریں گے۔
آفتاب گیلانی کے مطابق، رواں سال اسلام آباد ایئر پورٹ سے 45 ہزار سے زائد عازمین حج حجاز مقدس کے لیے روانہ ہوں گے۔ روڈ ٹو مکہ منصوبے کے تحت عازمین حج کی سہولت کے لیے کاؤنٹر جلد ہی قائم کر دیے جائیں گے۔آفتاب گیلانی نے مزید بتایا کہ یہ روڈ ٹو مکہ منصوبہ اسلام آباد اور کراچی کے ہوائی اڈوں پر دستیاب ہو گا تاکہ عازمین حج کو زیادہ سہولت مل سکے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب نے مزید 10 ہزار پاکستانیوں کو حج کی اجازت دی تھی۔ پاکستانی وزارتِ اطلاعات کے مطابق، پاکستان نے عازمینِ حج کے لیے حج کوٹے میں اضافے کی خصوصی درخواست کی تھی، جس کے نتیجے میں یہ اجازت دی گئی۔اب مزید 10 ہزار پاکستانی شہری حج کی سعادت حاصل کر سکیں گے، جو اس بات کا غماز ہے کہ سعودی عرب نے پاکستانیوں کے لیے حج کے دروازے مزید کھول دیے ہیں۔