خیبر پختونخوا حکومت بیرسٹر سیف نے صدر آصف زرداری کی ذہنی حالت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نہروں کی خود منظوری دینے کا معاملہ ان کی یادداشت اور ذہنی حالت پر سوالات اٹھاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر صدر زرداری کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں تو انہیں فوری طور پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دینا چاہیے۔بیرسٹر سیف نے اپنے بیان میں کہا کہ آصف زرداری نے نہروں کی منظوری دی، جس پر پیپلز پارٹی کا موقف اب واضح نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر صدر زرداری کی ذہنی حالت میں خلل ہے تو پیپلز پارٹی کو اس بات کو تسلیم کرنا ہوگا کہ یا تو زرداری نے سندھ کے عوام کی پیٹھ میں چھرا گھونپ دیا ہے یا ان کی یادداشت میں کسی قسم کا مسئلہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نہروں کی منظوری کے معاملے میں صرف ووٹ بچانے کی کوشش کر رہی ہے۔ بلاول بھٹو کی طرف سے نہروں کی مخالفت اور آصف زرداری کی منظوری کے درمیان تضاد سمجھ سے بالاتر ہے۔ بیرسٹر سیف نے پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پارٹی صرف احتجاج کا ڈرامہ رچا کر عوام کا ووٹ بینک بچانے کی کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سب سے پہلے نہروں کے معاملے کو اُٹھایا تھا، اور بلاول بھٹو کو احتجاج کرنے کے بجائے اپنے والد سے پوچھنا چاہیے کہ نہروں کی منظوری کیوں دی گئی۔یہ بیان اس وقت آیا جب پیپلز پارٹی کی قیادت نہروں کی منظوری کے معاملے پر اپنے موقف کی وضاحت دینے میں مشکلات کا سامنا کر رہی ہے۔ بیرسٹر سیف نے اس بات کو بھی اجاگر کیا کہ پیپلز پارٹی اپنے داخلی تضادات کو چھپانے کے لیے عوامی سطح پر احتجاج کا سہارا لے رہی ہے۔