ایران جنگ کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
برینٹ خام تیل کی قیمت 108 ڈالر فی بیرل جبکہ امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی 103 ڈالر فی بیرل کی سطح عبور کر گیا۔عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق سرمایہ کار ایران جنگ کے باعث عالمی سطح پر تیل کی سپلائی میں طویل رکاوٹ کے خدشات کا شکار ہیں، جس کے نتیجے میں جمعرات کو خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں تیزی دیکھی گئی۔دورانِ کاروبار برینٹ خام تیل کی قیمت میں 7.1 فیصد تک اضافہ ہوا اور قیمت 108 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔ بعد ازاں برینٹ 107.63 ڈالر فی بیرل پر بند ہوا، جو گزشتہ روز کے مقابلے میں 6.34 فیصد اضافہ ہے۔ یہ 19 مئی کے بعد برینٹ کی بلند ترین اختتامی قیمت اور تقریباً 6 ہفتوں کے دوران ایک روزہ سب سے بڑا اضافہ قرار دیا جا رہا ے۔
امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت بھی دورانِ کاروبار 7.3 فیصد تک بڑھی اور مئی کے بعد پہلی مرتبہ 103 ڈالر فی بیرل کی سطح عبور کر گئی۔ بعد میں ڈبلیو ٹی آئی 102.48 ڈالر فی بیرل پر بند ہوا، جو گزشتہ روز کے مقابلے میں 6.69 فیصد زیادہ ہے۔رپورٹ کے مطابق آبنائے ہرمز اور بحیرۂ احمر میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث رواں ہفتے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں دوبارہ 100 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی ہیں۔ امریکا اور ایران کے درمیان حملوں کے تبادلے اور خطے میں بڑھتی ہوئی عسکری کشیدگی نے عالمی سطح پر تیل کی سپلائی متاثر ہونے کے خدشات مزید بڑھا دیے ہیں۔