حکومت ہر چیز عوام اور بزنس کمیونٹی پر نہیں ڈال سکتی، کچھ بوجھ وہ خود بھی برداشت کرے
اسلام آباد(آئی این پی ) پاکستان بزنس فورم نے وزیراعظم شہباز شریف سے پٹرولیم لیوی میں 60 روپے فی لیٹر کم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں برداشت سے باہر ہیں۔ معاشی ٹیم ریونیو کی سوچ سے باہر نکلے اور غریب عوام کا سوچے۔جاری بیان کے مطابق پاکستان بزنس فورم کا مزید کہنا ہے کہ مہنگائی ہر ماہ بڑھ رہی ہے اور معیشت سست روی کا شکار ہے۔ پٹرول پر فی لیٹر 106 روپے 15 پیسے ٹیکس لیا جا رہا ہے۔فورم نے مزید کہا کہ 8 ماہ کے دوران ڈیزل کی قیمت میں 135 روپے فی لیٹر اور پٹرول کی قیمت میں 114 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا۔پاکستان بزنس فورم نے کہا کہ حکومت ہر چیز عوام اور بزنس کمیونٹی پر نہیں ڈال سکتی، کچھ بوجھ وہ خود بھی برداشت کرے۔ پہلے ہی مہنگی بجلی اور لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے، حکومت ریلیف کا سوچے۔