پنجاب حکومت کا صوبے بھر کے سکولوں کے 100 فیصد فزیکل معائنے کا فیصلہ

اے ای اوز  کو اپنی حدود میں واقع تمام سکولوں کے لازمی دورے کرنے کی ہدایت جاری  
لاہور ( آئی این پی )  پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے تمام اسکولوں کے 100 فیصد فزیکل معائنے کا فیصلہ کرتے ہوئے تمام اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز (اے ای اوز) کو اپنی حدود میں واقع تمام اسکولوں کے لازمی دورے کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری احکامات کے مطابق اے ای اوز کو اسکولوں کے دورے کے دوران تدریس کے معیار کو چیک کرنے کے ساتھ اسکولوں میں صفائی اور عمومی سہولتوں کی فراہمی کا تفصیلی جائزہ لینے کی ہدایات کی گئی ہیں۔اسکولوں کے معائنے میں پینے کے پانی اور فعال واش رومز کی دستیابی یقینی بنانے کے ساتھ کلاس رومز، واش رومز، گرائونڈز، لان اور چھتوں کی صفائی چیک کرنے کی ہدایت کی ہے۔اسکولوں میں لگے ہوئے پنکھوں، لائٹس، سوئچز، ساکٹس اور وائرنگ کی فعالیت بھی چیک ہوگی۔ اس کے علاوہ سیکیورٹی اقدامات، نصب کیمروں، دیگر سیکیورٹی آلات کی فعالیت سمیت ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کو چیک کرنا ہوگا۔تمام اے ای اوز کو تفویض کردہ ہر اسکول کا 100 فیصد فزیکل انسپیکشن مکمل کرنے اور رپورٹس ماہانہ مانیٹرنگ ایپ پر 100 فیصد اپ لوڈ کرنے کے احکامات بھی جاری کیے
 ہیں۔محکمہ تعلیم نے سی ای اوز ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کو احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی ہے۔