صوبہ بھر میں یکم نومبر کو پنجاب بار کونسل کے انتخابات کیلئے پولنگ ہو گی

 انتخابی شیڈول 15 ستمبر کو جاری کیا جائے گا، انتخابی تشہیر پر مکمل پابندی عائد رہے گی 
 لاہور(کرائم رپورٹر) پنجاب بار کونسل کے انتخابات کیلئے یکم نومبر کو صوبہ بھر میں پولنگ ہو گی، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر امیدواروں کیخلاف کارروائی ہو گی۔لاہور سمیت صوبہ بھر پنجاب بار کونسل کے انتخابات یکم نومبر 2025ء￿  کو منعقد ہوں گے، اس سلسلے میں انتخابی شیڈول 15 ستمبر کو جاری کیا جائے گا جبکہ 14 ستمبر تک کیو سہولت رجسٹریشن مکمل نہ کرنیوالے وکلاء￿  ووٹ کاسٹ نہیں کر سکیں گے۔انتخابات کے سلسلے میں بدھ کے روز اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈووکیٹ جنرل پنجاب امجد پرویز نے بطور ریٹرننگ افسر خصوصی شرکت کی، اجلاس میں وائس چیئرمین پنجاب بار، چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی، سیکرٹری پنجاب بار کونسل رفاقت سہیل، بار ایسوسی ایشنز کے صدور، سیکرٹریز اور بڑی تعداد میں امیدوار شریک ہوئے۔ریٹرننگ افسر نے اجلاس میں امیدواروں کو ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کی شفافیت اور غیر جانبداری ہر صورت یقینی بنائی جائے گی، ضابطہ اخلاق کے تحت امیدواروں کو ووٹرز کے لیے ضیافت کا اہتمام کرنے کی اجازت نہیں ہو گی جبکہ امیدواروں کی انتخابی تشہیر پر مکمل پابندی عائد رہے گی تاہم بینرز اور پینا فلیکس پر پابندی ہو گی۔