75 سیٹوںکیلئے 327 امیدوار میدان میں ،ایک لاکھ 32ہزار ووٹر زحق دہی استعمال کرینگے
لاہور( یواین پی)پنجاب بار کونسل کے انتخابات آج (ہفتہ) یکم نومبر کو منعقد ہوں گے جس کے لئے ریٹرننگ آفیسر ،ایڈووکیٹ جنرل پنجاب امجد پرویز کی سربراہی میں تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ۔وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل طاہر نصر اللہ وڑائچ،چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل ذبیع اللہ ناگرہ ،صدر لاہور ہائیکورٹ بارملک محمد آصف نسوانہ،صدر لاہور بار ایسوسی ایشن مبشر رحمن چودھری پر مشتمل الیکشن کمیٹی انتخابات کے لئے پولنگ سے قبل پولنگ اسٹیشنزکا معائنہ کرے گی ، پنجاب بار کے انتخابات میں جوڈیشل افسران بطور پریزائیڈنگ افسران فرائض سر انجام دیں گے جبکہ ہر طرح کی معاونت کے لئے تمام عملہ عدالتوں سے ہوگا ۔پنجاب بار کے انتخابات کے موقع پر لاہور ہائیکورٹ پرنسپل سیٹ اور بنچز سمیت صوبہ بھر کی سول و سیشن عدالتیں بند رہیں گی ۔انتخابات میں ووٹ کاسٹ کرنے کے لئے آنے والوں کے لئے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جس کے مطابق ووٹرز اپنا اصل شناختی کارڈ،پنجاب بار کونسل یا بار کونسل کے کارڈ کے ہمراہ پولنگ اسٹیشن میں داخل ہو سکیں گے،لاہور ہائیکورٹ میں داخلہ اور اخراج جی پی او چوک،مسجد گیٹ اوراور ٹرنر روڈ سے ہوگاپنجاب بار کے انتخابات کے موقع پر کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔