بھارت کا مقبول ریئلٹی شو 'بگ باس' اپنے 20ویں سیزن کے ساتھ واپسی کے لیے تیار ہے، جبکہ بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان ایک بار پھر شو کی میزبانی کرتے نظر آئیں گے۔
شو کے منتظمین کے مطابق 'بگ باس 20' کا پریمیئر 6 ستمبر 2026 کو ہوگا۔ پروگرام کی اقساط کلرز ٹی وی پر نشر کی جائیں گی، جبکہ ناظرین انہیں جیو ہاٹ اسٹار پر بھی دیکھ سکیں گے۔نئے سیزن کی پہلی جھلک بھی جاری کر دی گئی ہے، جس میں سلمان خان اپنے روایتی انداز میں دکھائی دے رہے ہیں۔ پرومو میں انہیں گھوڑے پر شاندار انٹری کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ وہ اپنی مشہور فلم 'کرن ارجن' کا حوالہ بھی دیتے ہیں، جس نے مداحوں کی دلچسپی مزید بڑھا دی ہے۔دوسری جانب نئے سیزن کے ممکنہ شرکا کے نام بھی سوشل میڈیا پر گردش کر رہے ہیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنت زبیر، عرفی جاوید، فیصل شیخ المعروف 'مسٹر فیصو'، انجلی اروڑہ سمیت متعدد معروف شخصیات سے شو میں شرکت کے لیے رابطہ کیا گیا ہے۔
تاہم شو کے منتظمین نے اب تک کسی بھی امیدوار کے نام کی باضابطہ تصدیق نہیں کی ہے اور نہ ہی حتمی شرکا کی فہرست جاری کی گئی ہے۔ اس لیے سوشل میڈیا پر زیرِ گردش ناموں کو فی الحال غیر مصدقہ اطلاعات قرار دیا جا رہا ہے۔'بگ باس' بھارت کے مقبول ترین ریئلٹی شوز میں شمار ہوتا ہے، اور ہر نئے سیزن میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات کی شرکت ناظرین کی توجہ کا مرکز بنتی ہے۔