نیپال کے سابق وزیراعظم جھالا ناتھ کھنل کی اہلیہ راجی لکشمی چتراکر پرتشدد ہنگاموں کے دوران شدید زخمی ہوئیں، جب مشتعل مظاہرین نے ان کی رہائش گاہ کو آگ لگائی اور انہیں زندہ جلانے کی کوشش کی۔
دو روز قبل دارالحکومت کھٹمنڈو کے علاقے ڈالو میں پیش آیا۔ اس دوران جھالا ناتھ کھنل کی اہلیہ جھلس کر زخمی ہوئیں اور اسپتال منتقل کر دی گئیں، جہاں وہ اب بھی زیر علاج ہیں اور ان کی حالت تشویش ناک ہے۔ابتدائی اطلاعات میں ان کی موت کی خبریں بھی سامنے آئی تھیں، تاہم اسپتال ذرائع نے واضح کیا ہے کہ وہ زندہ ہیں اور ان کا علاج جاری ہے۔خیال رہے کہ نیپال میں حالیہ پرتشدد مظاہرے اس وقت بھڑک اٹھے جب حکومت نے سوشل میڈیا سائٹس سمیت 26 ویب سائٹس پر پابندی عائد کی۔
احتجاج کے دباؤ کے باعث حکومت نے اگرچہ پابندی ختم کر دی، لیکن مظاہرے شدت اختیار کر گئے۔مشتعل نوجوانوں نے کرپشن کے خلاف نعرے بازی کے دوران نہ صرف جھالا ناتھ کھنل کے گھر کو نشانہ بنایا بلکہ وزیر اعظم کے پی شرما اولی کی رہائش گاہ پر بھی حملہ کیا اور آگ لگا دی۔ بڑھتے ہوئے دباؤ کے باعث کے پی شرما اولی کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دینا پڑا۔