پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں صحت کے شعبے کی ناقص کارکردگی دور کرنے کے لیے بڑے اقدام کا اعلان کر دیا۔
ابتدائی مرحلے میں 24 سرکاری اسپتالوں کو آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔صوبائی مشیر صحت احتشام علی نے بتایا کہ یہ اقدام عوام کو بہتر اور بروقت طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ آؤٹ سورسنگ کے تحت کٹیگری بی، سی اور ڈی سطح کے اسپتالوں کا انتظام نجی شعبے کے حوالے کیا جائے گا، تاہم علاج اب بھی سرکاری خرچ پر ہی فراہم ہوگا۔انہوں نے واضح کیا کہ حکومت اسپتالوں کی نجکاری نہیں کر رہی بلکہ صرف انتظام و انصرام نجی اداروں کو منتقل کیا جا رہا ہے تاکہ:
او پی ڈی خدمات بروقت مہیا ہوں
صفائی ستھرائی اور آلات کی کمی پوری ہو
طبی عملے کی حاضری یقینی بنائی جا سکے
مریضوں کو سرکاری پرچی کے ریٹ پر معیاری اور مفت علاج فراہم ہو
مشیر صحت کے مطابق اسپتالوں کے سرکاری ملازمین اپنی معمول کی ذمہ داریاں انجام دیتے رہیں گے، جبکہ نجی کمپنیاں اضافی وسائل، عملہ اور آلات فراہم کریں گی۔مزید برآں، ان اسپتالوں کی کارکردگی کی مانیٹرنگ محکمہ صحت کا IMU کرے گا اور اگر کسی نجی کمپنی کی کارکردگی ناقص پائی گئی تو اس کے فنڈز میں کٹوتی کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی عوامی شکایات کے ازالے کے لیے خصوصی نظام بھی قائم کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے کے بعد مزید اسپتالوں کو بھی آؤٹ سورس کرنے پر غور جاری ہے تاکہ صوبے بھر میں صحت کے نظام کو بہتر بنایا جا سکے۔