غیرقانونی سرحد پار کرنے پر ایرانی فورسز کی فائرنگ ‘ 6 افغان تارکین وطن ہلاک

 ایرانی سکیورٹی فورسز نے تقریبا 120افغان تارکین وطن پر گولیاں چلائیں جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے
ہسپتال منتقل افغان تارکین وطن کی حالت تشویشناک ، نہ توایرانی حکام اور نہ ہی افغانستان نے کوئی بیان جاری کیا ہے
لندن  (آئی این پی) غیرقانونی طورپربارڈرکراسنگ کے دوران ایرانی سکیورٹی فورسزکی فائرنگ سے6افغان تارکین وطن ہلاک ہو گئے۔ ہیومن رائٹس آرگنائزیشن حال وش کی رپورٹ کے مطابق  ایرانی سرحدکوپارکرنیکی کوشش میں افغان تارکین وطن پر ایرانی سکیورٹی فورسز  نے فائرنگ کی، جس سے 6 افغان تارکینِ وطن ہلاک اورمتعددشدید زخمی ہو گئے۔رپورٹ کے مطابق ایرانی سکیورٹی فورسز  کی جانب سے  فائرنگ اس وقت شروع ہوئی جب افغان تارکین وطن نے سرحدعبور کرنے کی کوشش کی۔  اس کے علاوہ ایرانی سکیورٹی فورسز  نے صوبہ سیستان میں 40 افغان تارکین وطن کوحراست میں بھی لیا ہے۔  ایرانی سکیورٹی فورسز نے تقریبا 120افغان تارکین وطن پر گولیاں چلائیں جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔حال وش کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ زخمیوں میں احسان اللہ تاجک، نصر اللہ بارکزاہی، حزب اللہ بارکزاہی، وائی بارکزاہی اوربشیر احمد بارکزاہی شامل ہیں۔ اسپتال منتقل کیے گئے کئی افغان تارکین وطن کی حالت تشویشناک ہے  جب کہ واقعے کے حوالے سے نہ توایرانی حکام اور نہ ہی افغانستان نے کوئی بیان جاری کیا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ سال بھی ایرانی سرحدی علاقے میں 300 سے زائد افغان تارکین وطن پرفائرنگ کی گئی تھی، جس سے متعدد افراد ہلاک ہوئے  تھے۔