مستقل ملازمین جن کی ملازمت کے 2 سال یاکم معیادہے، انہیں مکمل تنخواہ دی جائے گی
16 سال تک ملازمت کرنے والے کنٹریکٹ ملازمین کو 30 بنیادی تنخواہیں ادا کی جائیں گی
اسلام آباد (آئی این پی) یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے ملازمین کے لیے پیکیج کی تفصیلات سامنے آگئیں، یوٹیلیٹی اسٹورز کے تمام 11 ہزار 406 ملازمین کو حکومت کا منظور شدہ پیکیج دیا جائے گا، یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے مستقل، کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز ملازمین کو 19 ارب 50 کروڑ 40 لاکھ روپیکا پیکیج ملے گا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز کے تمام 11ہزار 406 ملازمین یکم ستمبر 2025 سے فارغ کردیے گئے ہیں، جنہیں حکومت کامنظور شدہ پیکج دیاجائیگا۔کارپوریشن کے مستقل، کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز ملازمین کو 19ارب50کروڑ40لاکھ روپے کا پیکیج ملے گا۔ایسے مستقل ملازمین جن کی ملازمت کے 2 سال یاکم معیاد رہتی ہے، انہیں باقی مہینوں کی مکمل تنخواہ دی جائے گی، 20سال سے زائد سروس پر مستقل ملازمین کو اپنی ملازمت کے سالوں کی تعداد کے حساب سے موجودہ بنیادی تنخواہ کے مساوی ہر سال کی 2 تنخواہیں ملیں گی۔20 سال سے کم ملازمت کرنے والے مستقل ملازمین کو اپنی ملازمت کے سالوں کی تعداد کے حساب سے موجودہ بنیادی تنخواہ کے مساوی ہر سال کی 3 تنخواہیں یا سروس کے باقی ماندہ (زیادہ سے زیادہ 50) مہینوں کی 1.25 تنخواہیں ملیں گی۔اس طرح یوٹیلیٹی اسٹورز کے 5 ہزار 229 مستقل ملازمین کو 13 ارب 18 کروڑ 30 لاکھ روپیکا پیکیج ملے گا۔دو سال یا اس سے کم عرصے ملازمت کرنے والے کنٹریکٹ ملازمین کو باقی ماندہ مہینوں کی موجودہ بنیادی تنخواہ ملے گی۔16 سال تک ملازمت کرنے والے کنٹریکٹ ملازمین کو 30 بنیادی تنخواہیں ادا کی جائیں گی جبکہ 16 سال سے زائد سروس والیکنٹریکٹ ملازمین کو 35 بنیادی تنخواہیں ملیں گی۔کارپورین کے کل 3 ہزار 323 کنٹریکٹ ملازمین کو 3 ارب 60 کروڑ 20 لاکھ روپے ملیں گے، ملازمت کا 2 سال یا اس سے کم عرصہ رہنے پر ڈیلی ویجرز کو باقی مہینوں کی37 ہزار روپے کے حساب سے تنخواہ ملے گی جبکہ 10 سال تک ملازمت کرنے والے ڈیلی ویجرز کو 37 ہزارروپے کے حساب سے 15 تنخواہیں ملیں گی۔10 سے 15 سال سروس کرنے والے ڈیلی ویجز ملازمین کو 37 ہزار روپے کے حساب سے 28 تنخواہیں دی جائیں گی جبکہ 15 سال سے زائد سروس پر ڈیلی ویجرز کو 37 ہزار روپے کے حساب سے 30 تنخواہیں ملیں گی، یوٹیلیٹی اسٹورز کے کل 2 ہزار 854 ڈیلی ویجرزکو 2 ارب 71 کروڑ 90 لاکھ روپے ملیں گے، تنظیم نو پلان کے تحت پہلے فارغ کیے گئے کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز ملازمین پیکیج کے اہل ہوں گے۔