استنبول: تاریخ پر مبنی مشہور ترک ڈرامہ "عثمان" نے اسکاٹ لینڈ سے تعلق رکھنے والی خاتون جولیتا لورینا مارٹینیز کی زندگی مکمل طور پر بدل دی , انہوں نے ڈرامے سے متاثر ہو کر اسلام قبول کر لیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جولیتا لورینا مارٹینیز نے ترک تاریخی ڈرامہ قیامت عثمان (Kuruluş Osman) دیکھنے کے بعد ترک تاریخ، اسلامی تعلیمات اور ثقافت میں گہری دلچسپی لینا شروع کی۔ترک پروڈکشن کمپنی کے مطابق خاتون نے بتایا کہ انہوں نے کوویڈ-19 لاک ڈاؤن کے دوران ترک سیریز دیکھنا شروع کیں، جنہوں نے ان کی سوچ اور طرزِ زندگی کو بدل کر رکھ دیا۔جولیتا کا کہنا تھا:"ڈرامے کی کہانی، ترک تاریخ اور اسلامی اقدار نے مجھے اتنا متاثر کیا کہ میں نے قرآنِ مجید پڑھنا شروع کیا۔ دو سال تک مطالعہ اور غور و فکر کے بعد میں نے کلمہ شہادت پڑھ کر اسلام قبول کر لیا۔"
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام نے انہیں اندرونی سکون اور مقصدِ زندگی عطا کیا، اور اب وہ ترکی آنے اور اسلامی تعلیمات کو مزید گہرائی سے سیکھنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔خیال رہے کہ قیامت عثمان دنیا بھر میں ترک تاریخ، اسلامی ثقافت اور خلافتِ عثمانیہ کے ابتدائی دور کی عکاسی کے باعث لاکھوں ناظرین کو متاثر کر چکا ہے، اور متعدد غیر مسلم ناظرین نے اس ڈرامے سے متاثر ہو کر اسلام میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔