قومی کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم کا ہدف ٹیسٹ چیمپئن شپ کا مضبوط آغاز کرنا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران شان مسعود نے کہا کہ اس مرتبہ پی سی بی نے ریڈ بال کرکٹ کے لیے بھرپور منصوبہ بندی کی ہے۔ "ریڈ بال کے لیے کیمپ لگائے گئے اور کھلاڑیوں نے کاؤنٹی کرکٹ کھیل کر اچھی تیاری کی ہے۔"انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقا ایک چیمپئن ٹیم ہے، اور اس کے خلاف بہترین کھیل پیش کرکے ٹیم کا مورال بلند کرنے کی کوشش کریں گے۔ "ٹیسٹ میچ جیتنے کے لیے 20 وکٹیں حاصل کرنا ضروری ہوتا ہے۔"کپتان نے کہا کہ اس سائیکل میں ہوم سیریز بہت اہمیت رکھتی ہے۔ "پچھلی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں نتائج تسلی بخش نہیں تھے، مگر کئی مثبت پہلو سامنے آئے۔ اب ہم کوشش کریں گے کہ نیا آغاز بہتر ہو۔"شان مسعود کے مطابق، "اگر فلیٹ وکٹ پر دونوں ٹیمیں 600 رنز بنائیں تو اس کا کوئی فائدہ نہیں۔ اچھے نتائج کے لیے بعض اوقات رنز کی قربانی دینی پڑتی ہے۔ رنز کنڈیشنز کے مطابق بنتے ہیں، ہر میچ میں سنچری ضروری نہیں۔"
انہوں نے مزید کہا کہ قذافی اسٹیڈیم میں نئی کنڈیشنز ہوں گی، جنہیں جلد سمجھنے کی کوشش کی جائے گی۔شان مسعود نے بتایا کہ اسپنر ساجد خان ان کنڈیشنز میں ٹیم کے لیے اہم بولر ہیں، تاہم بدقسمتی سے انہیں وائرل فلو ہو گیا تھا۔ "ہم کھلاڑیوں کی فٹنس کے مطابق ٹیم کمبی نیشن تیار کریں گے۔"ٹیسٹ کپتان نے کہا کہ ہوم کنڈیشنز کا فائدہ اٹھانا بہت ضروری ہے۔ "پہلے ہم انہی کنڈیشنز میں تین اسپنرز اور ایک فاسٹ بولر کے ساتھ اترے تھے، لیکن اب پچ کی صورتحال دیکھ کر فیصلہ کیا جائے گا۔ ٹیم بنانے میں ریورس سوئنگ کا عنصر بھی شامل رکھا ہے۔"