بھرتی میں جعلسازی ، 13 ملزموں کو ہتھکڑیاں

جعلی امیدوار فزیکل امتحان کے دوران اصل امیدواروں کی جگہ دوڑنے کی کوشش میں پکڑے گئے
لاہور (کرائم رپورٹر) ریلویز پولیس نے بھرتی کے عمل میں جعلسازی اور دھوکہ دہی میں ملوث 13 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ یہ ملزمان لاہور، مغلپورہ ورکشاپس، سکھر اور کراچی میں فزیکل امتحان کے دوران اصل امیدواروں کی جگہ دوڑنے کی کوشش کر رہے تھے۔ذرائع کے مطابق جعلساز امیدواروں کو فزیکل امتحان کے دوران پکڑا گیا، جنہوں نے اپنی شناخت چھپانے کی کوشش کی اور دوڑ میں اصل امیدواروں کے بجائے شریک ہونے کی سازش کی۔ پولیس نے جعلی امیدواروں کو متعلقہ مقامات پر حراست میں لیا اور ان کے خلاف مقدمات درج کر لیے۔ڈی آئی جی عبدالرب چودھری، جو ریکروٹمنٹ کمیٹی کے چیئرمین بھی ہیں، نے بتایا کہ تمام جعلی امیدوار رول نمبر سلپس کی جانچ پڑتال کے دوران مشکوک پائے گئے۔گرفتار ملزمان میں لاہور ڈویڑن سے محمد رمضان، محمد احسان اور وقاص علی؛ ورکشاپس ڈویڑن سے امروز اور محمد اعجاز؛ کراچی سے زین، فیاض اور ذوالفقار؛ سکھر ڈویڑن سے سجاد، عمران، امان اللہ، کمیل رضا اور بلاول کریم شامل ہیں۔آئی جی ریلویز پولیس کی ہدایات کے مطابق بھرتی کا عمل مکمل طور پر شفاف اور میرٹ پر مبنی بنایا جا رہا ہے۔ ڈی آئی جی عبدالرب چودھری نے کہا کہ اس قسم کی جعلسازی کی کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور بھرتی کے عمل میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔