ہر سیکٹر انچارج اور سرکل آفیسر کو ہدایت،اہلکار اندراج مقدمہ سے قبل ہی ہتھکڑیاں لگانے لگے ،وڈیو وائرل
لاہور (کرائم رپورٹر)لاہور ٹریفک پولیس کو قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو ہتھکڑیاں لگانے کا اختیار مل گیا، چیف ٹریفک پولیس لاہور نے ہر سیکٹر انچارج اور سرکل آفیسر کو ہتھکڑیاں ساتھ رکھنے کی ہدایت کردی ۔رپورٹ کے مطابق سی ٹی اونے ٹریفک پولیس کو قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو ہتھکڑیاں لگانے کا اختیار دیدیا ، ٹریفک پولیس کے مطابق تجاوزات اور غیرقانونی پارکنگ میں ملوث ،ٹریفک قانون کی خلاف ورزی کرنیوالوں کو ہتھکڑی لگا کر پولیس کے حوالے کیا جائے گا۔حکام کی جانب سے نئے احکامات کی روشنی میں ٹریفک وارڈنز ازخود ہتھکڑیوں کا بندوست کرنے لگے۔ رپورٹ کے مطابق سٹی ٹریفک پولیس کے اہلکار اندراج مقدمہ سے قبل ہی ملزموں کو ہتھکڑیاں لگانے لگے ہیں ، ٹریفک پولیس کی جانب سے ہتھکڑیاں لگانے کی وڈیو بھی سامنے آگئی۔