دبئی کی عدالت نے امیر بالاج ٹیپو کے قتل کیس کے مرکزی ملزم طیفی بٹ کو پاکستان لے جانے کی اجازت دی
لاہور (کرائم رپورٹر) بالاج قتل کیس کے مرکزی ملزم خواجہ تعریف گلشن عرف طیفی بٹ کو دبئی سے پاکستان واپس لایا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق طیفی بٹ کو دبئی کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے پاکستان جانے اور مقدمات کا سامنا کرنے کے حوالے سے سوال کیا۔ذرائع نے بتایا کہ طیفی بٹ نے عدالت میں پاکستان جانے اور مقدمات کا سامنا کرنے کا یقین دلایا، جس کے بعد دبئی کی عدالت نے اسے پنجاب پولیس کے حوالے کر دیا۔ پنجاب پولیس کی ٹیم نے طیفی بٹ کو لاہور منتقل کیا۔پولیس ذرائع کے مطابق طیفی بٹ امیر بالاج ٹیپو کے قتل کیس کا مرکزی ملزم ہے، تاہم لاہور پولیس کے انویسٹی گیشن ونگ، آپریشنز اور سی سی ڈی نے طیفی بٹ کی گرفتاری کے حوالے سے مکمل معلومات فراہم نہیں کیں اور نہ ہی دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ معلومات کا تبادلہ کیا جا رہا ہے۔