ویب ڈیسک: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کے لیے امریکا روانہ ہوگئے، جہاں وہ پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
وزیر خزانہ اپنے دورے کے دوران آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔ وہ انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (IFC) اور ملٹی لیٹرل انویسٹمنٹ گارنٹی ایجنسی (MIGA) کے حکام سے بھی ملاقات کریں گے۔محمد اورنگزیب کی عالمی بینک کے صدر اجے بنگا سے ملاقات شیڈول ہے، اور وہ اجے بنگا کی خصوصی دعوت پر منتخب ممالک کے وزرائے خزانہ کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے میں بھی شرکت کریں گے۔وزیر خزانہ کی آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹلینا جارجیوا سے بھی ملاقات متوقع ہے۔دورے کے دوران وزیر خزانہ ایف بی آر کی ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن سے متعلق عالمی بینک کے زیر اہتمام علاقائی راؤنڈ ٹیبل میں شرکت کریں گے، جس میں دیگر ممالک کے ٹیکس حکام بھی اپنی اصلاحات پر گفتگو کریں گے۔
محمد اورنگزیب ورلڈ اکنامک فورم کے زیر اہتمام دو اہم ایونٹس میں بھی شریک ہوں گے، جبکہ ان کی چین، برطانیہ، سعودی عرب، ترکیہ اور آذربائیجان کے وزرائے خزانہ سے ملاقاتیں ہوں گی۔مزید برآں، وزیر خزانہ کی وائٹ ہاؤس کے اعلیٰ حکام اور امریکی کانگریس کی فنانشل سروسز کمیٹی کے چیئرمین سے ملاقاتیں بھی طے ہیں۔دورے کے دوران وہ بین الاقوامی اور امریکی ذرائع ابلاغ کو انٹرویوز بھی دیں گے۔وزیر خزانہ اپنے 6 روزہ دورے میں 65 سے زائد ایونٹس، فورمز، ملاقاتوں اور تقریبات میں شرکت کریں گے۔