لاہور میں رکن پنجاب اسمبلی عمر ورک‘ مبین عارف جٹ ایم این اے، احمر رشید بھٹی ایم پی اے اور اویس ورک ایم پی اے کو پولیس نے حراست میں لے لیا‘سلمان اکرم راجہ کو وکلاء نے بچا لیا
کراچی میں فوارہ چوک کے قریب پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے بانی پی ٹی آئی سے اظہار یکجہتی کے لئے احتجاج کیا گیا‘مختلف شہروں میں کارکنوں کا احتجاج
لاہور ‘کراچی(یواین پی‘مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کو تین سال مکمل ہونے پر لاہور میں پارٹی کی جانب سے احتجاج اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا جہاں پولیس نے مختلف مقامات پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے اراکین اسمبلی سمیت متعدد کارکنوں کو حراست میں لے لیا، ایوانِ عدل کے اطراف اور دیگر علاقوں میں پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں کے درمیان کشیدگی بھی دیکھنے میں آئی۔اطلاعات کے مطابق احتجاج کے دوران ایوانِ عدل کے باہر پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ کو گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم وکلاء نے مداخلت کرتے ہوئے انہیں پولیس کی تحویل میں جانے سے روک دیا، تاہم پولیس نے ایوانِ عدل کے باہر سے پی ٹی آئی کارکنوں اور وکلا کو حراست میں لینے کا سلسلہ شروع کر دیا، پولیس نے کارروائی کے دوران رکن پنجاب اسمبلی عمر ورک سمیت متعدد کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔بتایا گیا ہے کہ مبین عارف جٹ ایم این اے، احمر رشید بھٹی ایم پی اے اور اویس ورک ایم پی اے بھی موقع پر موجود تھے جنہیں پولیس نے حراست میں لے لیا، لاہور بھر میں پی ٹی آئی کے 20 سے زائد کارکنوں کو مختلف مقامات سے گرفتار کیے جانے کی اطلاعات ہیں، ادھر پی ٹی آئی کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران ایک صحافی بھی پولیس کارروائی کی زد میں آ گیا، انصاف یوتھ ونگ کی جانب سے کینال روڈ پر عمران خان کی رہائی کے حق میں ریلی بھی نکالی گئی، ریلی کی قیادت انصاف یوتھ ونگ سینٹرل پنجاب کے صدر بیرسٹر میاں حسن شکیل اور جنرل سیکرٹری دبیر الحسن شاہ نے کی‘کراچی میں فوارہ چوک کے قریب پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے بانی پی ٹی آئی سے اظہار یکجہتی کے لیے احتجاج کیا۔پی ٹی آئی کارکنوں نے پولیس پر پتھراؤ کیا، کارکنوں کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا۔ ہنگامہ آرائی کے باعث اطراف کی دکانیں بند کردی گئیں، شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرناپڑا‘پی ٹی آئی سندھ کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر مسرور سیال سمیت متعدد رہنماؤں اور کارکنوں کو حراست میں لے لیا گیا۔پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے باعث گورنر ہاؤس، میٹروپول اور شاہین کمپلیکس کے اطراف بدترین ٹریفک جام ہوگیا، ایم آر کیانی روڈ سے فوارہ چوک تا دین محمد وفائی روڈ ٹریفک کے لیے بند رہا