سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے، حکومتی کاوشوں کی بدولت ملک نے معاشی استحکام حاصل کیا‘حکومت برآمدات بڑھانے کیلئے پرعزم ہے، تین عالمی ریٹنگ ایجنسیوں نے معاشی اشاریوں کو مثبت قرار دیا
سیلاب زدگان کی بحالی کا چیلنج درپیش ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ حالیہ مذاکرات مثبت رہے ہیں ، کوئی بڑی رکاوٹ نظر نہیں آ رہی:محمد اورنگزیب کا سعودی سرمایہ کاروں اور اوورسیز چیمبرآف کامرس سے ورچوئل خطاب
کراچی (آئی این پی )وفاقیوزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے پاکستان میں سعودی سرمایہ کاروں کا خیر مقدم کرتے ہیں اور سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے، سعودی عرب کے وژن 2030سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعودی سرمایہ کاروں اور اوورسیز چیمبرآف کامرس سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ سعودی عرب کے ویژن 2030 کو دنیا میں منفرد مقام حاصل ہو رہا ہے اور ہم اس ویژن سے بہت کچھ سیکھتے ہیں۔ وفاقی کابینہ نے پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان تاریخی دفاعی معاہدے کی توثیق کی ہے۔محمد اورنگزیب نے کہا سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے، حکومتی کاوشوں کی بدولت ملک نے معاشی استحکام حاصل کیا، تمام معاشی اشاریے مثبت رجحان ظاہر کر رہے ہیں، تین بڑی عالمی ریٹنگ ایجنسیوں نے پاکستانی معاشی اشاریوں کو مثبت قرار دیا جو مثبت رجحان ظاہر کر رہے ہیں، اب برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کے لئے پرعزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ توانائی اور ٹیکس سمیت دیگر معاشی شعبوں میں بنیادی اصلاحات کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں جبکہ اصلاحاتی عمل متعلقہ فریقوں کی مشاورت سے آگے بڑھا رہے ہیں، حکومتی کاوشوں کی بدولت ملک نے معاشی استحکام حاصل کرلیا۔برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کے لئے پرعزم ہیں، ہم کیش لیس معیشت کی جانب بڑھ رہے ہیں، معیشت میں ڈیجیٹائزیشن سے شفافیت آئے گی۔وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کی سالانہ میٹنگ کے سلسلے میں وہ واشنگٹن جارہے ہیں، سیلاب زدگان کی بحالی کا چیلنج درپیش ہے۔