نوبیل انعام یافتہ سر جان گُرڈن کا انتقال ہو گیا

نوبیل انعام یافتہ سر جان گُرڈن کا انتقال ہو گیا

طب اور حیاتیات کے شعبے میں نوبیل انعام حاصل کرنے والے معروف سائنس دان اور "کلوننگ کے گاڈ فادر" کہلانے والے سر جان گُرڈن (Sir John Gurdon) 92 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

گُرڈن انسٹیٹیوٹ کی جانب سے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہ ڈیویلپمنٹل بائیولوجی (Developmental Biology) کے شعبے میں غیر معمولی بصیرت رکھنے والے سائنس دان تھے، جنہوں نے حیاتیاتی تحقیق کے کئی بنیادی سوالات کے جوابات فراہم کیے۔سر جان گُرڈن 1933 میں برطانیہ کے ہمپشائر میں پیدا ہوئے۔ وہ 1991 میں قائم ہونے والے گُرڈن انسٹیٹیوٹ کے شریک بانی تھے۔ان کی سائنسی خدمات نے اسٹیم سیل بائیولوجی، ماؤس جینیٹکس اور آئی وی ایف (In-Vitro Fertilization) جیسے شعبوں میں انقلابی جدتوں کی بنیاد رکھی۔ ان کا سب سے معروف کام مینڈکوں پر کیے گئے نیوکلیئر ٹرانسفر تجربات تھے، جن کے ذریعے انہوں نے یہ ثابت کیا کہ بالغ خلیے (Adult Cells) کے نیوکلئیس کو دوبارہ پروگرام کر کے ایک نیا جاندار (Organism) بنایا جا سکتا ہے۔

یہی تحقیق بعد میں کلوننگ ٹیکنالوجی کی بنیاد بنی، جس نے حیاتیاتی سائنس کے کئی نظریات کو حقیقت میں بدل دیا۔سر جان گُرڈن کو ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں 2012 میں نوبیل انعام سے نوازا گیا۔ ان کا انتقال سائنسی دنیا کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔