روس کے لیے جاسوسی کے شبہے میں امریکی فوج کا سینئر اہلکار برطانیہ میں گرفتار

روس کے لیے جاسوسی کے شبہے میں امریکی فوج کا سینئر اہلکار برطانیہ میں گرفتار

لندن: برطانوی انسدادِ دہشت گردی پولیس نے روس کے لیے مبینہ طور پر جاسوسی کرنے کے شبہے میں امریکی فوج کے 41 سالہ سینئر اہلکار کو گرفتار کرلیا ہے۔

 گرفتاری کے بعد حکام نے معاملے کی تحقیقات شروع کرتے ہوئے انگلینڈ کے علاقے گلاسٹر شائر میں دو مقامات پر تلاشی کا عمل بھی شروع کردیا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق امریکی فوجی اہلکار کو منگل کے روز گلاسٹر کے قریب حراست میں لیا گیا۔ لندن کی انسدادِ دہشت گردی پولیس نے بتایا کہ گرفتاری برطانیہ کے نیشنل سکیورٹی ایکٹ 2023 کی دفعات ایک اور تین کے تحت عمل میں لائی گئی ہے۔برطانوی قانون کی دفعہ ایک خفیہ معلومات حاصل کرنے یا افشا کرنے سے متعلق ہے، جبکہ دفعہ تین کے تحت کسی غیر ملکی انٹیلی جنس سروس کی معاونت کرنا قابلِ گرفت جرم ہے۔ حکام کے مطابق گرفتار اہلکار کے خلاف تحقیقات انہی قانونی دفعات کے تحت جاری ہیں۔

حکام نے تاحال گرفتار اہلکار کی شناخت، فوجی عہدے یا مبینہ جاسوسی کے طریقہ کار سے متعلق تفصیلات جاری نہیں کیں۔ تاہم برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق وہ گلاسٹر شائر کے علاقے انسورتھ میں واقع امجن بیرکس میں تعینات تھا، جہاں نیٹو کی الائیڈ ریپڈ ری ایکشن کور کا ہیڈکوارٹر بھی قائم ہے۔ ایک سینئر نیٹو عہدیدار نے تصدیق کی ہے کہ گرفتار امریکی فوجی اس کور کے ساتھ منسلک تھا۔

 ایف بی آئی ڈائریکٹر کا ردعمل
ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کاش پٹیل نے گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے اسے اہم کارروائی قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جاسوسی سے متعلق الزامات امریکا اور اس کے اتحادیوں کے لیے انتہائی تشویش کا باعث ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ایف بی آئی ایسے کسی بھی شخص کے خلاف کارروائی کے معاملے میں کوئی رعایت نہیں برتے گی جس کے اقدامات امریکی قومی سلامتی اور اتحادیوں کے تحفظ کو خطرے میں ڈال سکتے ہوں۔امریکی آرمی کاؤنٹر انٹیلی جنس کمانڈ کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل شان اسٹنچن نے بھی مبینہ واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حساس معلومات تک رسائی رکھنے والے سینئر اہلکار کے مبینہ طرزِ عمل سے ظاہر ہوتا ہے کہ اداروں کے اندر موجود خطرات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

 برطانیہ اور امریکا کی مشترکہ تحقیقات
برطانوی پولیس کے مطابق اس معاملے کی تحقیقات میں انسدادِ دہشت گردی پولیس کے ساتھ ایف بی آئی اور امریکی فوج بھی تعاون کر رہی ہیں۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ گلاسٹر شائر میں جاری تلاشی اور گرفتاری کا تعلق انسدادِ دہشت گردی پولیس کی کسی دوسری جاری تحقیقات سے نہیں ہے۔