کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے اپنی سب سے چھوٹی بیٹی عروٰی کے ساتھ دبئی میں گزارے گئے خوشگوار لمحات کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کردیں، جنہیں مداحوں کی جانب سے پسند کیا جارہا ہے۔
شاہد آفریدی نے دبئی میں تین روز قیام کے دوران اپنی مصروفیات کو ایک طرف رکھتے ہوئے بیٹی کے ساتھ وقت گزارا اور ان چھٹیوں کو یادگار بنایا۔ سابق کرکٹر نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنی اور بیٹی کی تصاویر پوسٹ کیں، جن میں دبئی کے خوبصورت مناظر اور دورانِ پرواز لی گئی تصاویر بھی شامل ہیں۔تصاویر کے ساتھ شاہد آفریدی نے محبت بھرا پیغام بھی تحریر کیا۔ انہوں نے لکھا کہ دبئی میں اپنی عروٰی کے لیے تین خوبصورت دن گزارے۔ ان کے مطابق یہ مختصر چھٹیاں بیٹی کی پسندیدہ سرگرمیوں، خوشیوں اور قہقہوں سے بھرپور رہیں۔
سابق کپتان کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر میں باپ اور بیٹی کے درمیان محبت اور اپنائیت کے خوبصورت لمحات دیکھے جاسکتے ہیں۔ ان کی اس پوسٹ پر مداحوں کی جانب سے پسندیدگی کا اظہار کیا جارہا ہے۔واضح رہے کہ شاہد آفریدی اور ان کی اہلیہ نادیہ کی پانچ بیٹیاں اقصیٰ، انشا، اجوہ، اسماء اور عروٰی ہیں۔ ان کی دوسری بیٹی انشا کی شادی قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی سے ہوئی ہے، جن کا ایک بیٹا بھی ہے۔