خلیجِ عرب میں آئل ٹینکر پر حملہ، ایک بھارتی سمیت عملے کے 4 ارکان زخمی

خلیجِ عرب میں آئل ٹینکر پر حملہ، ایک بھارتی سمیت عملے کے 4 ارکان زخمی

خلیجِ عرب: لائبیریا کے پرچم بردار بڑے آئل ٹینکر ایم ٹی فجیرہ انرجی کو نامعلوم پروجیکٹائل سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں عملے کے چار ارکان زخمی ہوگئے، جبکہ جہاز پر سوار چھ بھارتی شہریوں میں سے ایک کو معمولی چوٹیں آئیں۔

بھارتی حکام کے مطابق واقعہ 10 نومبر کو پیش آیا، جس وقت آئل ٹینکر پر مجموعی طور پر 24 افراد سوار تھے۔ زخمی بھارتی شہری کو طبی معائنے اور علاج کے لیے ساحل پر منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ دیگر عملے کی خیریت سے متعلق تصدیق کرلی گئی ہے۔خلیج نیوز کے مطابق بھارتی وزیر برائے بندرگاہ، جہاز رانی اور آبی گزرگاہیں سربانند سونووال نے سوشل میڈیا پر واقعے کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ جہاز پر چھ بھارتی شہری بھی موجود تھے۔ ان میں سے ایک ملاح معمولی زخمی ہوا، جبکہ باقی پانچ بھارتی شہری محفوظ ہیں۔بھارتی وزیر کا کہنا تھا کہ جہاز پر موجود عملے کے دیگر ارکان سمیت مجموعی طور پر 18 افراد کی حفاظت کی تصدیق ہوچکی ہے۔ بھارتی حکومت جہاز کی انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں ہے اور عملے کی حفاظت، طبی امداد اور خیریت سے متعلق صورتِ حال کی نگرانی کر رہی ہے۔

آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کو محتاط رہنے کی ہدایت

برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز (یو کے ایم ٹی او) نے 11 نومبر کی صبح آبنائے ہرمز میں ایک آئل ٹینکر سے متعلق واقعے کی اطلاع موصول ہونے کی تصدیق کی ہے۔ادارے کے مطابق ابتدائی طور پر واقعے کے وقت عملے کی حالت، جہاز کو پہنچنے والے نقصان اور ممکنہ ماحولیاتی اثرات کے بارے میں مکمل معلومات دستیاب نہیں تھیں۔یو کے ایم ٹی او نے آبنائے ہرمز اور اس کے قریبی سمندری راستوں سے گزرنے والے دیگر بحری جہازوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی یا غیر معمولی واقعے کی فوری اطلاع دی جائے۔

متحدہ عرب امارات کے بحری جہاز کو بھی نشانہ بنانے کی تصدیق

دوسری جانب ایک الگ واقعے میں متحدہ عرب امارات کی کمپنی اے ڈی این او سی لاجسٹکس اینڈ سروسز نے بھی تصدیق کی ہے کہ اس کے ایک بحری جہاز کو 10 نومبر کی سہ پہر خلیجِ عرب میں اماراتی سمندری حدود کے اندر حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں جہاز کو نقصان پہنچا۔کمپنی کے مطابق متعلقہ اداروں کی ٹیمیں واقعے سے پیدا ہونے والی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے کام کر رہی ہیں۔ تاہم کمپنی نے تاحال متاثرہ جہاز کی شناخت، اسے پہنچنے والے نقصان کی نوعیت اور حملے کے طریقہ کار سے متعلق تفصیلات جاری نہیں کیں۔اے ڈی این او سی لاجسٹکس اینڈ سروسز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ واقعے سے متعلق معلومات کے لیے صرف سرکاری ذرائع پر انحصار کیا جائے اور غیر مصدقہ اطلاعات کو پھیلانے سے گریز کیا جائے۔