لندن (شوبز ڈیسک)برطانوی کامیڈین اور اداکار رسل برانڈ کو مداح سے زیادتی اور شوبز کیریئر کے دوران 3 خواتین کو ہراساں کرنے کے جرم میں 10 سال 6 ماہ قید کی سزا سنا دی گئی۔برطانوی میڈیا کے مطابق لندن کی ساتھ وارک کران کورٹ کے جج جوئل بینتھم نے پیر کو سزا سناتے ہوئے کہا کہ رسل برانڈ شہرت حاصل کرنے کے دوران جنسی درندہ بن چکے تھے۔جج نے ریمارکس دیے کہ رسل برانڈ ذہین، خوش گفتار اور بہت سے لوگوں کی نظر میں مزاحیہ شخصیت تھے، لیکن اس کے ساتھ وہ جنسی درندہ بھی بن گئے تھے۔عدالت نے قرار دیا کہ خواتین جو بھی لباس پہنیں، جہاں بھی جائیں یا کچھ بھی پیئیں، انہیں انکار کرنے کا مکمل حق حاصل ہے اور ان کی رضامندی کے بغیر جنسی عمل کرنے والوں کے خلاف انصاف طلب کرسکتی ہیں۔51 سالہ رسل برانڈ نے سزا سنائے جانے کے وقت کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔ برطانوی خبر رساں ادارے پریس ایسوسی ایشن کے مطابق عدالت سے لے جائے جانے سے قبل انہوں نے اپنی اہلیہ لورا گالاچر سے مختصر گفتگو کی اور کہا کہ سب ٹھیک ہوجائے گا۔