سپریم کورٹ نے قتل کے ملزم کی عمر قیدسزا مکمل ،بریت کی درخواست منظور کرلی

اسلام آباد(آن لائن)سپریم کورٹ نے قتل کے ملزم کی عمر قیدسزا مکمل کرنے کے بعددائرکردہ بریت کی درخواست منظور کرلی ۔جسٹس ہاشم کاکڑ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار نجف خان کو سزا مکمل کرنے کے بعد مقدمے سے بری کر دیا گیا۔ وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ ملزم اپنی عمر قید کی سزا پوری کر کے رہا ہو چکا ہے، ملزم پر قتل کا الزام ہے اس لیے کیس کی میرٹ پر بریت چاہتا ہوں۔وکیل نے کہا کہ مقتول غلام محمد کے قتل میں دو لوگوں پر ایف آئی آر کا اندراج ہوا، فارنزک لیبارٹری نے اپنی رپورٹ میں لکھا کہ میرے موکل کے پستول سے فائر سے غلام محمد قتل نہیں ہوا، فارنزک لیبارٹری کی رپورٹ میں جس شخص کے فائر سے قتل ہوا وہ پہلے ہی بری ہو چکا ہے۔وکیل درخواست گزار نے بتایا کہ ہائیکورٹ نے میرے موکل کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کیا، ڈاکٹر نے لکھا کہ ایک پستول سے فائر ہوئے، ایف آئی آر میں دو رائفلز کا ذکر ہے۔عدالت نے نجف خان کی اپیل منظور کرتے ہوئے مقدمے سے بری کر دیا۔