چار سال اقتدار میں رہ کر منصوبے مکمل نہ کرنے والے آج ان کی ملکیت کے دعوے کر رہے ہیں: عظمیٰ بخاری

لاہور(سپیشل رپورٹر)  وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے فواد چودھری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے  چار سال تک آپ کے پاس حکومت رہی، اگر یہ منصوبے آپ کے تھے تو انہیں اپنے دورِ حکومت میں مکمل کیوں نہیں کیا؟ منصوبے صرف سوچنے یا ان کا اعلان کرنے سے کسی کی ملکیت نہیں بن جاتے، بلکہ جو منصوبہ شروع کرتا ہے اور اسے پایہ تکمیل تک پہنچاتا ہے، اصل کریڈٹ بھی اسی کو جاتا ہے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سابقہ حکومت کے دور میں جن منصوبوں کا ذکر زبان زدِ عام رہا، وہ انڈے، کٹے، مرغیاں اور بھنگ کی فیکٹریاں تھے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں ہونے کے باوجود ساڑھے چھ سال بعد کسی منصوبے کو اپنا قرار دینا محض شرمندگی کا باعث ہے۔