پروازوں کی حفاظت پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، غیر ماہر افراد کی مداخلت بھی قابلِ قبول نہیں
حکومت قومی ایئرلائن کی محنتی ٹیم کے منافع بخش اقدامات کی مکمل حمایت کرتی ہے:وزیر دفاع
اسلام آباد (آئی این پی) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے قومی ایئرلائن کے خلاف پھیلایا جانے والا پروپیگنڈا بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہے۔انہوں نے واضح کیا پروازوں کی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، تاہم غیر ماہر افراد کی مداخلت بھی قابلِ قبول نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ قومی ایئرلائن کے تمام آپریشنز پی سی اے اے اور عالمی معیار کے مطابق ہیں اور حکومت قومی ایئرلائن کی محنتی ٹیم کے منافع بخش اقدامات کی مکمل حمایت کرتی ہے۔وزیر دفاع نے کہا کہ گزشتہ تین دنوں میں قومی ایئرلائن کی اوسط یومیہ آمدنی 600 ملین روپے رہی، جو بغیر کسی خلل کے معمول کی شیڈول پروازوں سے حاصل ہوئی۔انہوں نے کہا کہ جھوٹی خبریں پھیلانے والے قومی مفادات کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں، حکومت نے گزشتہ پانچ برسوں میں قومی ایئرلائن کی بحالی کے لیے دن رات محنت کی ہے، جس کے نتیجے میں اب قومی ایئرلائن ملک بھر میں شیڈول کے مطابق باقاعدگی سے پروازیں چلا رہی ہے۔