ویب ڈیسک:پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ٹماٹر اور پیاز کی پیداوار میں اضافے کے لیے ایک اہم منصوبہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اس منصوبے کا مقصد ان سبزیوں کی پیداوار بڑھانا اور مارکیٹ میں ان کی قیمتوں میں استحکام لانا ہے تاکہ عام آدمی کو سستی اشیاء خورونوش میسر آئیں۔وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر "میکانائزڈ فارمنگ پراجیکٹ" شروع کیا گیا ہے، جس کے لیے 3 ارب روپے کا خصوصی فنڈ مختص کیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت سبزیوں کی میکانائزڈ کاشت کے لیے جدید زرعی آلات جیسے پلانٹر، پرونرز اور دیگر زرعی مشینوں پر 70 فیصد سبسڈی فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ، پیاز اور ٹماٹر کی ویلیو ایڈیشن کے لیے پلپنگ یونٹس، ڈرائرز اور گریڈرز جیسے آلات پر بھی 70 فیصد سبسڈی ملے گی۔
پراجیکٹ کے تحت لودھراں، ملتان اور وہاڑی کے اضلاع کو پیاز کی کاشت کے لیے منتخب کیا گیا ہے، جبکہ خوشاب، شیخوپورہ اور مظفر گڑھ کو ٹماٹر کی کاشت کے لیے مختص کیا گیا ہے۔ چھ اضلاع میں فارمر انٹرپرائز گروپس بنائے جائیں گے، اور ان گروپس کے لیے فارمرز فیلڈ اسکولز میں جدید زراعت اور سمارٹ کاشت کے طریقوں پر تربیت فراہم کی جائے گی۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے اس منصوبے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کی زرعی ترقی کے لیے سنگ میل ثابت ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ "فارمر گروپس کو نہ صرف پاکستان کی مقامی مارکیٹ سے بلکہ عالمی مارکیٹ سے بھی منسلک کیا جائے گا تاکہ کاشتکاروں کو اپنی فصلوں کی بہتر قیمت مل سکے۔"
مریم نواز نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ پنجاب کے کاشتکاروں کی خوشحالی کے لیے اہم قدم ہے اور اس سے نہ صرف پیداوار میں اضافہ ہوگا بلکہ لاگت بھی کم ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ "ہمیں اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں استحکام لانے اور عوام کو سستی خوراک فراہم کرنے کی ضرورت ہے، اور اس پراجیکٹ کے ذریعے ہم یہ مقصد حاصل کریں گے۔"انہوں نے یہ بھی بتایا کہ حکومت نے ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پراجیکٹ کے لیے ہیلپ لائن 17000-0800 قائم کی ہے، جس کے ذریعے کاشتکار اس پراجیکٹ سے متعلق معلومات حاصل کر سکتے ہیں اور اپنی درخواستیں بھی جمع کروا سکتے ہیں۔ مزید معلومات کے لیے ایگریکلچر فیس بک پیج، ویب سائٹ یا مقامی دفاتر سے بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔مریم نواز نے کہا کہ "یہ پراجیکٹ نہ صرف زرعی شعبے کی ترقی میں مددگار ثابت ہوگا، بلکہ یہ پنجاب کے کاشتکاروں کی زندگیوں میں بھی بہتری لائے گا۔"