وزیراعلیٰ مریم نواز کا اہل اٹک کے لیے 31 ارب 75 کروڑ روپے کے ترقیاتی پیکج کا اعلان

وزیراعلیٰ مریم نواز کا اہل اٹک کے لیے 31 ارب 75 کروڑ روپے کے ترقیاتی پیکج کا اعلان

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ضلع اٹک کے عوام کے لیے بڑے ترقیاتی پیکج کا اعلان کردیا، جس کے تحت 31 ارب 75 کروڑ روپے کی لاگت سے 186 ترقیاتی اسکیموں پر کام جاری ہے۔

 ترقیاتی منصوبوں میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت، صحت، تعلیم اور عوامی سہولیات کے متعدد منصوبے شامل ہیں۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی جانب سے ضلع اٹک میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور عوام کو جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے مختلف میگا پراجیکٹس شروع کیے گئے ہیں۔ ان منصوبوں کا مقصد ضلع کے شہری اور دیہی علاقوں میں ترقیاتی سرگرمیوں کو فروغ دینا اور عوام کو بہتر سفری، طبی اور تعلیمی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ترقیاتی پیکج کے تحت اٹک میں 865 کلومیٹر طویل سڑکوں کی تعمیر، مرمت اور بحالی کے منصوبے مکمل کرلیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ 23 ارب 25 کروڑ روپے کی لاگت سے سڑکوں کی تعمیر، مرمت اور توسیع کی 59 اسکیمیں بھی ترقیاتی منصوبوں میں شامل ہیں۔اسی طرح 8 ارب 50 کروڑ روپے کی لاگت سے 127 دیگر ترقیاتی منصوبے بھی مکمل کیے جارہے ہیں۔ ان منصوبوں میں مختلف علاقوں کو ملانے والی اہم شاہراہوں کی تعمیر اور سفری سہولیات کی بہتری پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔اٹک کے اہم روڈ میگا پراجیکٹس میں 43.95 کلومیٹر طویل پنڈی گھیپ روڈ اور ڈھوک لاہم تا جھمات روڈ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ میٹھال چوک تا ڈھوک پٹھان سڑک کی تعمیر بھی ترقیاتی منصوبوں کا حصہ ہے، جس سے مقامی آبادی کو آمدورفت میں سہولت فراہم ہوگی۔

صحت اور تعلیم کے شعبوں میں بھی اہم اقدامات

ضلع اٹک میں صحت کی سہولیات بہتر بنانے کے لیے 82 مریم نواز کلینکس اور ہسپتالوں کی تعمیر و مرمت کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔ ان منصوبوں کے ذریعے شہریوں کو ان کے علاقوں میں بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔تعلیم کے شعبے میں بھی اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ حسن ابدال اور فتح جنگ میں خصوصی تعلیم کے لیے نواز شریف سینٹر آف ایکسی لینس قائم کیے گئے ہیں، جہاں خصوصی ضروریات کے حامل بچوں کو بہتر تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کا منصوبہ ہے۔

عوامی سہولیات کے لیے مزید منصوبے

ضلع اٹک میں سماجی بہبود اور عوامی سہولیات کے فروغ کے لیے جدید چلڈرن ہوم، ماڈل ایگری مال اور تحصیل حضرو میں اراضی ریکارڈ سینٹر کی تعمیر بھی جاری ہے۔

ماڈرن چلڈرن ہوم کے قیام کا مقصد بچوں کی بہتر نگہداشت اور سہولیات کی فراہمی ہے، جبکہ ماڈل ایگری مال کے ذریعے زرعی شعبے سے وابستہ افراد کو جدید سہولیات فراہم کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ حضرو میں اراضی ریکارڈ سینٹر کے قیام سے شہریوں کو زمین سے متعلق ریکارڈ اور دیگر سرکاری امور میں آسانی میسر آئے گی۔