ایل پی جی ٹرانسپورٹرز کی آج ہڑتال

بے جا چالان، بھاری جرمانے عائد کرنے پر تشویش، پہیہ جام اور دھرنا ہوگا :ایل پی جی ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن 
راولپنڈی (خصوصی رپورٹ) ایل پی جی لاجسٹک اینڈ ٹریڈنگ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو ملک نوید اقبال نے کہا ایل پی جی ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے مرکزی رہنمائوں نے موٹر وے پولیس کے ناروا روئیے، ایل پی جی کی بندش، این ایچ اے کے بے جا چالانوں، بھاری جرمانوں کے خلاف 11نومبر کو ملک گیر پہیہ جام ہڑتال کی کال دے دی، ٹھوکر نیاز بیگ لاہور این ایچ اے کے سامنے احتجاجی دھرناہوگا۔ ایل پی جی ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن پاکستان کے مرکزی چیئرمین عرفان نذیر کاہلوں، جنرل سیکرٹری مقدر رضا نے کہا ایل پی جی سپلائی بائوزرز کی بندش ایل پی جی قیمتوں میں اضافے کا سبب بننے لگی ہے، بے جا چالان، بھاری جرمانے عائد کئے جا رہے ہیں جس پر ٹرانسپورٹرز میں شدید تشویش ہے، ایل پی جی بائوزرز کو گھنٹوں غیر محفوظ جگہ پر کھڑاکرکے حادثے کو دعوت دی جا رہی ہے۔ ایل پی جی بائوزر کا وزن دوسرے فیول ٹینکر سے 17ٹن زیادہ ہوتا ہے۔ ایل پی جی ٹرانسپورٹ کو این ایچ اے کے فارمیٹ پر ایڈ ہی نہیں کیا گیا۔ مارکیٹ ایسوسی ایشن، پلانٹ ایسوسی ایشن، ڈسٹریبیوشن، ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے متفقہ فیصلے سے 11نومبر کو لاہور میں ایل پی جی ٹرانسپورٹ بند کر کے احتجاج کیا جائے گا۔