حکومت کو مطالبات منظور کرنے کیلئے چار روز کا وقت دیا جا رہا ہے، بصورت دیگر ٹرانسپورٹرز سڑکوں پر نکلیں گے:صدر نبیل طارق کی پریس کانفرنس
لاہور(آئی این پی )پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے 8 دسمبر سے صوبہ بھر میں پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے حکومت کو مطالبات منظور کرنے کیلئے چار روز کا وقت دیا جا رہا ہے، بصورت دیگر ٹرانسپورٹرز سڑکوں پر نکلیں گے۔ صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نبیل طارق نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مطالبات کی منظوری کے لئے حکومت کو 4 روز کا وقت دے رہے ہیں ، مطالبات نہ مانے گئے تو سڑکوں پر نکلیں گے۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک آرڈینینس 2025 ہم پر مسلط کیا گیا،کسی ٹرانسپورٹرز سے بھی مشاورت نہیں کی گئی،ڈرائیورز کی تذلیل کی جا رہی ہے، گاڑیاں بند کی جا رہی ہیں، اتنے بھاری جرمانے ہیں کہ ہمارا 80 فیصد کام رک چکا ہے۔نبیل طارق نے کہا کہ ہمارا سامان ہمارے گوداموں میں پڑا ہے ، کوئی ڈرائیور لے کر جانے کو تیار نہیں،ٹریفک آرڈیننس کو فوری واپس لیا جائے،تمام ٹرانسپورٹرز خوف کے عالم میں ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے کاروبار تباہ ہو رہے ہیں ، ہم کیسے اس نظام کے ساتھ چلیں،ٹریفک پولیس پیٹرولنگ اور تھانہ پولیس کی جانب سے چالان ٹارگٹ کو ختم کیا جائے،لاہور میں پیرا فورس اور کارپوریشن کی جانب سے ناجائز جرمانوں کو ختم کیا جائے۔