آسٹریا مسئلہ کشمیرکے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پائمالی بند کرانے کیلئے کردار ادا کرے
اسلام آباد(یواین پی)صدرآزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے کہا ہے کہ آسٹریا مسئلہ کشمیرکے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پائمالی بند کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے کیوں کہ آسٹریا کے پاک بھارت دونوں سے یکساں تعلقات ہیں اور آسٹریا کا انسانی حقوق پر بھی ایک بہترین ٹریک ریکارڈ ہے۔اس لئے آسٹریا اور یورپی یونین کے دیگر ممالک مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کو اُن کا حق خودارادیت دلوانے کے لئے اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں اور بھارت پر دباؤ بڑھائیں تاکہ بھارت مظلوم کشمیریوں کو اُن کا بنیادی حق خودارادیت دے۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پائمالی عروج پر ہے اور اس سلسلے میں انٹرنیشنل کمیونٹی مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پائمالیاں رکوانے کے لئے اپنا کردارادا کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوارکو یہاں ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں آسٹریا کی سفیر اینڈریا ویکی(Andrea Wicke) سے تفصیلی ملاقات میں کیا۔ صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے آسٹریا کی سفیر اینڈریا ویکی کو مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔