عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے: بلاول بھٹو

 خطے میں پائیدار امن تبھی ممکن ہے جب مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے،یوم شہداء کشمیر پر بیان 
اسلام آباد(آئی این پی )چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عالمی برادری مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔سانحہِ 13جولائی 1931سرینگر کی برسی پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے ڈوگرہ راج کے ہاتھوں شہید ہونے والے 22کشمیری شہدا ء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان 22کشمیری شہدا ء کے خون نے ظلم و جبر کے خلاف مزاحمت کی ایک لازوال داستان رقم کی۔انہوں نے کہا کہ سری نگر سینٹرل جیل کے سامنے 22کشمیریوں نے ایک عظیم مقصد کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، یہ عظیم کشمیری محض اپنے حقِ اظہار نہیں بل کہ پوری قوم کی عزت و حرمت کے لئے جامِ شہادت نوش کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ان 22 شہدا کا خون ہمیں یاد دلاتا ہے کہ آزادی کی روح کو بندوقوں کے زور سے کبھی دبایا نہیں جا سکتا، پیپلز پارٹی قائدِ عوام شہید بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کے مطابق کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی میں ہمیشہ ان کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے۔سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ 13 جولائی کا یہ دن ہر کشمیری کے دل میں زندہ ہے، ہم کشمیری شہدا کے مقصد سے تجدیدِ عہد کرتے ہیں، ہم واضح کرتے ہیں کہ خطے میں پائیدار امن تبھی ممکن ہے جب مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی امنگوں کے عین مطابق حل کیا جائے۔بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ عالمی برادری مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور کشمیریوں کو انصاف، وقار اور آزادی دلوانے میں اپنا موثر کردار ادا کرے۔