عمرلنڈ نے شاہد کو قتل کرنے کے لیے ایک تقریب منعقد کی جس میں سندھ سے بھی ڈاکو شریک تھے
خطرناک ڈاکو عمر کی فائرنگ سے شاہدلنڈ موقع پر مارا گیا،پلاننگ پولیس کے ایک اعلیٰ افسرنے کی تھی
روجھان اوررحیم یارخان میں18 سے زائد مقدمات میں ملوث عمر لنڈ نے بھائی سمیت سرنڈر کردیا
ملتان(مانیٹرنگ ڈیسک)کچہ کے خطرناک ڈاکو لنڈ گینگ کے سربراہ شاہد لنڈ کو پنجاب پولیس نے مبینہ پلاننگ کرکے ایک اورخطرناک ڈاکو عمرلنڈ کے ہاتھوں مروایا۔ عمرلنڈ کو شاہد لنڈ کو قتل کرنے کیلئے پولیس کے علی پورمیں تعینات ایک اعلیٰ پولیس افسرنے راضی کیا تھا۔ جس کے بدلے میں پولیس نے عمرلنڈ کیخلاف درج مقدمات ختم کرنے اوراس کی فیملی کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔لنڈ گینگ کے سربراہ شاہد لنڈ کو قتل کرنے والا عمرلنڈ اوراس کا بھائی روجھان پولیس کے پاس پہنچ گئے۔عمرلنڈ پرروجھان اوررحیم یارخان میں ڈیڑھ درجن سے زائد مقدمات درج ہیں۔ شاہد لنڈ کو قتل کرنے کے بعد عمرلنڈ کے گھرکے باہرپولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔ عمرلنڈ نے شاہد کو قتل کرنے کے لیے ایک تقریب منعقد کی جس میں سندھ سے بھی 8 سے 10 ڈاکو شریک تھے جس کے دوران عمر نے فائرنگ کردی جس سے شاہد موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔ عمر نے کہا کہ شاہد لنڈ کو قتل کرنے کے بعد سندھ اورگینگ کے دیگرافراد کو بھی قتل کرنا چاہتا تھا مگر رائفل میں گولی پھنس گئی ، جس کے بعد دیگرڈاکوؤں پرراکٹ لانچرفائرکیا ، پھر دوسرا راکٹ فائرکیا تو لانچرکی پن پھنس گئی ، واقعے کے بعد وہاں سے چھوٹا دریا عبورکرکے راجن پورپہنچا اور سرنڈر کردیا۔