آئی جی کا معرکہ حق کی کامیابی پر افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین

پنجاب پولیس ملکی سلامتی کیلئے افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے:عبدالکریم کی گفتگو
لاہور(کرائم رپورٹر) عبدالکریم نے معرکہ حق کی کامیابی کے پہلے سال کے موقع پر پوری قوم اور افواجِ پاکستان کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب پولیس ملکی اندرونی سرحدوں کی حفاظت، دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کیلئے افواجِ پاکستان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے غیرمتزلزل عزم کا اظہار کرتی ہے۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ پنجاب پولیس ملکی داخلی سلامتی کے تحفظ کیلئے دشمن کے خلاف افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کے افسران اور اہلکار لاہور سمیت صوبہ بھر میں معرکہ حق کی تقریبات، ریلیوں اور دیگر پروگراموں میں بھرپور شرکت کر رہے ہیں جبکہ ان تمام تقریبات کو فول پروف سکیورٹی بھی فراہم کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کے دوران پنجاب پولیس کے افسران نے غیر معمولی بہادری، فوری رسپانس اور سکیورٹی اداروں کے ساتھ م ئوثر کو آرڈینیشن کا مظاہرہ کیا۔ حساس تنصیبات کی حفاظت، دہشت گردی کی ممکنہ کارروائیوں کی روک تھام اور دشمن کی جانب سے داغے گئے میزائلوں اور ڈرونز کے ملبے کو محفوظ بنانے میں پنجاب پولیس نے کلیدی کردار ادا کیا۔ آئی جی پنجاب کے مطابق نمایاں کارکردگی پر متعدد افسران کو اعلیٰ ترین سول اعزاز ستارہ امتیاز سے نوازا گیا، جن میں رائے بابر سعید، کامران عادل، وقاص نذیر، خالد محمود ہمدانی، حسن اقبال، بلال ظفر اور معاذ ظفر شامل ہیں۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سنٹرل پولیس آفس لاہور میں معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص میں شاندار کارکردگی دکھانے والے افسران کے نام خصوصی یادگاری وال پر کندہ کیے گئے ہیں تاکہ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جا سکے۔