طبی سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے:خواجہ سلمان رفیق

صوبائی وزیر صحت کا عمران ادریس ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ کا دورہ،مختلف شعبوں کا معائنہ
سیالکوٹ (بیورو رپورٹ)صوبائی وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے عمران ادریس ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ کا دورہ کیا جہاں سابق رکن اسمبلی رانا شمیم، پروفیسر عمران ادریس بٹ اور دیگر فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا، مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا اور اظہار اطمینان کیا۔ اس موقع پر ہسپتال انتظامیہ نے انہیں طبی سہولیات اور جاری پروگرامز بارے بریفنگ دی جبکہ خواجہ سلمان رفیق نے مریضوں کی عیادت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو معیاری اور بہترین طبی سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صحت کے شعبہ میں منفرد اور تاریخی پروگرامز کے ذریعے مریضوں کو اربوں روپے مالیت کی مفت علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان منصوبوں کے تحت سرکاری ہسپتالوں سمیت منتخب نجی ہسپتالوں میں بھی مفت علاج کی سہولت دی جا رہی ہے جبکہ اب تک مختلف خصوصی پروگرامز کے ذریعے مریضوں کو ساڑھے 17 ارب روپے سے زائد کے مفت علاج کی سہولت فراہم کی جا چکی ہے۔ خواجہ سلمان رفیق کے مطابق چیف منسٹرز ایڈلٹ کارڈیک سرجری پروگرام کے تحت سالانہ 3 ارب روپے سے زائد، چیف منسٹرز سپیشل انشی ایٹو فار کینسر پیشنٹس کے تحت سالانہ 13 ارب روپے جبکہ چیف منسٹرز سپیشل انشی ایٹو فار سٹروک مینجمنٹ کے تحت سالانہ 3 ارب روپے سے زائد مالیت کی مفت طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے تحت اب تک صوبہ بھر میں 12 ہزار 371 سے زائد بچوں کی مفت ہارٹ سرجریز کی جا چکی ہیں جبکہ چیف منسٹرز سپیشل انشی ایٹو فار ٹرانسپلانٹ پروگرام کے تحت 1,811 ٹرانسپلانٹس مکمل کئے گئے جن میں 911 رینل، 538 کوکلیئر، 287 لیور، 38 بون میرو اور 37 کورنئیل ٹرانسپلانٹس شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیف منسٹرز ڈائیلسز پروگرام کے تحت اب تک 17 لاکھ 6 ہزار سے زائد مریضوں کے مفت ڈائیلسز کئے جا چکے ہیں۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہ عمران ادریس ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ میں چیف منسٹرز کینسر پروگرام کے تحت 15 ملین روپے، چیف منسٹرز ڈائیلسز پروگرام کے تحت 372 ملین روپے جبکہ ہیلتھ انشورنس پروگرام کے تحت 830 ملین روپے مالیت کی مفت طبی سہولیات فراہم کی گئیں جبکہ ٹرانسپلانٹ پروگرام کے تحت 32 ٹرانسپلانٹس بھی مکمل کئے جا چکے ہیں۔