چینی وزیر خارجہ کا پاک بھارت قیادت سے رابطہ، سیزفائر برقرار رکھنے پر زور

چینی وزیر خارجہ کا پاک بھارت قیادت سے رابطہ، سیزفائر برقرار رکھنے پر زور

بیجنگ ویب ڈیسک:چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں پاکستانی نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور بھارتی وزیر خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔

چینی سرکاری میڈیا کے مطابق وانگ ای نے دونوں ممالک پر سیزفائر معاہدے کی مکمل پاسداری پر زور دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بطور قریبی ہمسایہ، چین کو پاک بھارت کشیدہ صورتحال پر شدید تشویش ہے، اور وہ خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے۔ وانگ ای نے کہا کہ پاکستان میں ہونے والے جانی نقصان پر چین کو گہرا افسوس ہے۔وانگ ای کا کہنا تھا کہ سیزفائر کی خلاف ورزیوں پر قابو پانے کے لیے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر امن کا قیام اور سیزفائر کی مکمل پابندی ناگزیر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ:"پاکستان نے انسدادِ دہشت گردی کے میدان میں انتہائی اہم اور سنجیدہ کردار ادا کیا ہے۔

 چین اس کوشش کو سراہتا ہے اور پاکستان کے مؤقف کی مکمل حمایت کرتا ہے۔"چینی وزیر خارجہ نے بھارت کو بھی سفارتی بات چیت اور پرامن مکالمے کے ذریعے معاملات حل کرنے پر زور دیا، تاکہ خطے میں مزید کشیدگی نہ بڑھے اور ترقی کا عمل متاثر نہ ہو۔یہ رابطے ایک ایسے وقت پر ہوئے ہیں جب حالیہ دنوں میں ایل او سی پر فائرنگ کے تبادلے اور فضائی کشیدگی کے بعد علاقائی تناؤ میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ چین کی مداخلت کو دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے کی ایک مثبت کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔