قتل کیس : ٹک ٹاکر کو موت کی سزا

مجرمہ کو اس وقت تک پھانسی کے پھندے پر لٹکایا جائے جب تک موت نہ ہو:عدالت مجرمہ نے سنگین جرم کیا  :تین روز سے محفوظ فیصلہ سنا دیا 
راولپنڈی (خصوصی رپورٹ) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی فرحت جبین رانا نے مشہور ٹک ٹاکر ریحانہ عرف زخمی شیرنی کو قتل کیس میں جرم ثابت ہونے پر موت کی سزا سنا دی اور مقتول کے قانونی ورثا کو 5لاکھ روپے بطور ہرجانہ بھی ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج فرحت جبین نے 3 روز سے محفوظ فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے فیصلے میں کہا مجرمہ ٹک ٹاکر کو اس وقت تک پھانسی پھندے پر لٹکائے رکھا جائے جب تک موت نہ ہو جائے۔عدالت نے قرار دیا مجرمہ نے سنگین جرم کیا کسی قسم کی رعایت مستحق نہیں۔رشتے کی رنجش اور جائیداد کے تنازع پر ریحانہ عرف زخمی شیرنی نے کزن لجپال حسین شاہ کو قتل کیا اور اس کے گھر میں 30بور پستول سے فائرنگ کی۔تھانہ کوٹلی ستیاں نے 23 مارچ 2023 کو مقدمہ درج کیا، ٹک ٹاکر زخمی شیرنی سے آلہ قتل پستول برآمد کیا گیا۔ مجرمہ ٹک ٹاکر ہر تاریخ پر ہتھکڑیوں میں ویڈیو بنا کر ٹک ٹاک بناتی۔ ٹک ٹاکر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا فیصلہ ٹھیک نہیں ہائیکورٹ میں اپیل کروں گی۔