جیلوں میں اسیرو ں کو گرمی سے بچانے کیلئے ضروری انتظامات

واٹر کولرز، پنکھوں، ایگزاسٹ فینز وغیرہ کی تنصیب  کی جائے:آئی جی فاروق
 لاہور(کرائم رپورٹر) آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میا ں فا روق نذ یر  نے لا ہو ر سمیت صوبہ بھر کی تمام جیلوں کے سپرنٹنڈنٹس کو ہدایت کی ہے کہ موسم گرماکے دوران جیلوں میں موجود قیدیوں کوجیل مینوئل کے تحت پینے کے ٹھنڈے پانی، پنکھوں سمیت تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں اور بیمار قیدیوں کو بھی علاج معالجہ کی بہم رسانی کے لئے اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔محکمہ جیل خانہ جات لا ہو ر ریجن کے ترجمان نے بتایا کہ تمام جیلوں میں اسیرو ں کو گرمی سے بچانے کے لئے ضروری انتظامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جیلوں کو حقیقی معنوں میں اصلاح خانے بنانے کا سلسلہ جاری ہے اور قیدیوں کی مشکلات کے حل کی بھی ہدایت کر دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جیل حکام خود بھی جیلوں کے دوروں کے دوران وہاں واٹر کولرز، پنکھوں، ایگزاسٹ فینز وغیرہ کی تنصیب اور ہسپتالوں کی صورت حال سمیت کھانوں کا معیار چیک کر رہے ہیں اور تمام جیل حکام پر واضح کر دیا گیا ہے کہ اس ضمن میں کسی غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اگر اچانک دورے کے موقع پر کسی جیل میں غیر معیاری انتظام پایا گیا تو ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔