ایل او سی ، ورکنگ بائونڈری پر فائرنگ بھارت نے جنگ بندی توڑ دی
بھارت نے مظفر آباد، بھمبر، برنالہ اور چھجوڑیہ میں بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کی گئی ،چپراڑ اور سچیت گڑھ سیکٹر میں 2شہری شہید،سیالکوٹ،سرگودھا،جیکب آباد ،نارنگ منڈی ،چناب نگر سمیت کئی علاقوں میں بھارت کے درجنوں ڈرونز تباہ کر دئیے
لاہور،سیالکوٹ ،اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی فوج نے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول پر پاکستانی آبادی پر بلا اشتعال فائرنگ کردی۔ بھارت ڈرونز کے ذریعے حملے کرنے کی کوششوں سے باز نہ آیا، ذرائع کے مطابق بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے مختلف مقامات پر اچانک گولہ باری شروع کردی اور وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ مظفر آباد، بھمبر، برنالہ اور چھجوڑیہ میں بھارتی فوج کی جانب سے بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کی گئی ہے۔پاک فوج کے جوان بھارتی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دے رہے ہیں۔دوسری طرف سیالکوٹ ورکنگ باونڈری پر چپراڑ اور سچیت گڑھ سیکٹر بھارتی سکیورٹی فورسز کی طرف سے گزشتہ روز بھی چھوٹے بڑے ہتھیاوں سے فائرنگ کی گئی جس سے 2شہری شہید ہوگئے۔ورکنگ باوٓنڈری پر بھارتی فوج قریبی آبادیوں کو کئی روز سے فائرنگ کا نشانہ بنارہی ہے ۔گزشتہ روز چارواہ سیکٹر کے گاوٓں چارواہ میں بھارتی مارٹر شیل لگنے سے55سالہ شہری قدیر جبکہ چارواہ سیکٹر کے گاوٓں مست پور میں گولہ باری سے 20 سالہ فرحان شہید ہوگیا اورکئی افراد زخمی ہوئے۔بھارت کی جانب سے پاکستان میں جاسوسی کیلئے بھجوائے گئے متعدد ڈرونز کو سکیورٹی اہلکاروں نے مار گرایا۔ پاکستان نے ہفتہ کے روز بھی سیالکوٹ،سرگودھا،جیکب آباد سمیت مختلف شہروں میں مزید کئی ڈرونز تباہ کردئیے۔ضلعسیالکوٹ میں بارودی مواد سے لدے چھ ڈرونز مار گرائے گئے۔ پہلا بھارتی ڈرون کلمہ چوک کینٹ کے قریب ساڑھے چار بجے صبح مار گرایا گیا دوسرا بھارتی ڈرون ڈیرا ہدایت پر صدر پسرور کے علاقہ میں صبح پانچ بجے گرایا گیا۔ تیسرا ڈرون موترہ کے علاقہ بھوبھنگی میں صبح پانچ بج کر 38 منٹ پر ،چوتھا ڈرون صبح سوا پانچ بجے سبز پیر کے علاقہ منڈیالہ ، پانچواں ڈرون صبح پانچ بج کر 40 منٹ پر تھانہ صدر کے علاقہ پڑتاں والی اور چھٹا بھارتی ڈرون صبح پانچ بج کر 58 منٹ پر سربے میں تباہ کیا گیا۔تمام بھارتی بارودی ڈرونز کو پاک فوج نے ایئر ڈیفنس سسٹم کے ذریعے مار گرایا گیا۔جیکب آباد میں ائیرفورس نے شہباز ائیربیس پر حملہ کے لئے آنے والے 4بھارتی ڈرونز کو فضا میں تباہ کردیا۔ شہر بھر میں دھماکوں کی آوازیں، ڈرونزکا ملبہ گرنے سے خاتون سمیت 4افراد معمولی زخمی ہوئے ، شہری گھروں سے باہر نکل آئے اور پاک فوج کے حق میں نعرے بازی کی۔پاک فوج کے جوانوں نے تمام ڈرونز کے ملبے کو تحویل میں لے لیا۔نارنگ منڈی کے نواحی دیہات میں سکیورٹی فورسز نے 2 بھارتی ڈرونز مار گرائے۔ رات کے اندھیرے میں خوفناک دھماکے ،لوگ بڑی تعداد میں گھروں سے نکل آئے، آاکبر، پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔ فورسز نے بھارتی ڈرونز نواحی دیہات جئے سنگھ والے اور کالاخطائی کے قریب گرائے۔بھارت کی طرف سے سرگودھا کی حساس تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی، گزشتہ صبح یکے بعد دیگر سرگودھا کی فضاؤں میں ڈرو نز نمودار ہوئے جنہیں پاک فوج نے بروقت کارروائی کر کے مار گرایا۔ ذرائع کے مطابق ڈرونز کھلی جگہوں پر گرے جس کے باعث کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔شہریوں نے ڈرون کا ملبہ جمع کرکے حساس ادارے کے حوالے کر دیا۔شہری پاک فضائیہ اور پاک فوج کے حق میں نعرے بھی لگاتے رہے۔چناب نگر کے علاقہ احمد نگر کی کالونی نور پور کے قریب کھیتوں سے بھارت کا تباہ شدہ ڈرون برآمد ہوا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس ، سکیورٹی ادارے موقع پر پہنچ گئے۔