بھارت کی کنٹرول لائن پر فائرنگ‘پاکستانی فوج کا منہ توڑ جواب‘ مورچے ‘چیک پوسٹ تباہ

بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کے کیانی اور منڈل سیکٹرز میں بلااشتعال فائرنگ کی گئی‘ چھوٹے ہتھیاروں کا استعمال بھی کیا گیا‘ پاکستانی فوج کی جانب سے موثر  جواب سے دشمن کی گنوں کو خاموش کرادیا گیا
 بھارتی رافیل   طیاروں کی مقبوضہ کشمیر کی فضائی حدود میں پٹرولنگ ،پاک فضائیہ کی بروقت کارروائی،بوکھلاہٹ   میں فرار   ہو گئے  ‘ پاکستانی افواج مکمل طور پر تیار اور چوکس ہیں:سکیورٹی ذرائع 

اسلام آباد (آئی این پی) بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر  سیزفائر کی خلاف ورزی کی گئی، جس پر  پاک فوج نے فوری کارروائی کرتے ہوئے منہ توڑ جواب دیتے ہوئے دشمن کے کئی مورچے تباہ کردیئے ۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق پہلگام فالس فلیگ کے بعد بھارت کی جانب سے مسلسل جارحانہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اسی دوران 29 اور 30 اپریل کی درمیانی شب  لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کی گئی۔ ذرائع نے بتایا کہ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کے کیانی اور منڈل سیکٹرز میں بلااشتعال فائرنگ کی گئی۔بھارت کی جانب سے بلااشتعال  فائرنگ میں چھوٹے ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا، جس پر  پاک  فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی فوج کو منہ توڑ جواب دیا۔ پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے موثر  جواب سے دشمن کو خاموش کرایا گیا۔سکیورٹی  ذرائع  کے مطابق پاک فوج کے موثر جواب سے دشمن کے متعدد مورچے تباہ ہونے کی بھی اطلاعات ہیں، جن میں   مقبوضہ کشمیر میں واقع لائن آف کنٹرول پر بھارتی چکپترا پوسٹ کو تباہ کر دیا گیا۔دریں اثناء بھارتی فضائیہ کے چار رافیل جنگی طیاروں نے انتیس اور تیس اپریل کی درمیانی شب  مقبوضہ جموں و کشمیر کی فضائی حدود میں پٹرولنگ کی، تاہم وہ اپنی جغرافیائی حدود کے اندر ہی رہے۔، پاکستان ایئر فورس نے فورا ان کی نشاندہی کر لی اور بروقت ردِعمل دیتے ہوئے اپنی فضائی نگرانی کو فعال کر دیا۔ پاکستانی طیاروں کی تیز اور موثرکارروائی نے بھارتی طیاروں کو ہکا بکا کر دیا، اور وہ بوکھلاہٹ میں اپنی فضائی حدود کے اندر واپس پلٹنے پر مجبور ہو گئے