کشمیر تنازع کے حل کی امید: امریکی صدر ٹرمپ کا اہم اعلان سامنے آ گیا

کشمیر تنازع کے حل کی امید: امریکی صدر ٹرمپ کا اہم اعلان سامنے آ گیا

واشنگٹن (ویب ڈیسک): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ پاکستان اور بھارت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں تاکہ دیکھا جا سکے کہ ہزاروں سال سے جاری مسئلہ کشمیر کا کوئی پائیدار حل نکالا جا سکتا ہے۔

اپنے حالیہ بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ امریکا سفارتی محاذ کے ساتھ ساتھ تجارتی سطح پر بھی پاکستان اور بھارت کے ساتھ تعلقات کو مزید بہتر بنانے کا خواہاں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کا خاتمہ ناگزیر ہے، اور اس ضمن میں امریکا فعال کردار ادا کرتا رہے گا۔صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران امریکا نے دونوں فریقین کو مذاکرات کی میز پر بٹھانے میں اہم کردار ادا کیا، جس کے نتیجے میں جنگ بندی ممکن ہو سکی۔ انہوں نے اس پیش رفت کی تصدیق سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں بھی کی تھی۔یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مسئلہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر دوبارہ توجہ حاصل کر رہا ہے۔ اقوام متحدہ سمیت متعدد عالمی طاقتیں اس دیرینہ تنازع کو مذاکرات اور پرامن ذرائع سے حل کرنے پر زور دے رہی ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان نے بھارت کی جارحیت کے جواب میں آپریشن "بُنيان مرصوص" کے تحت 10 سے زائد بھارتی فوجی اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا تھا، جس کے بعد دونوں ممالک میں کشیدگی عروج پر پہنچ گئی تھی۔صدر ٹرمپ کے اس بیان کو جنوبی ایشیا میں قیام امن کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، تاہم دیکھنا یہ ہے کہ آیا بھارت اس امریکی پیشکش پر آمادہ ہوتا ہے یا نہیں۔