ویب ڈیسک: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھارت کی جارحیت کا جواب دینے اور آپریشن ’’بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص‘‘ کی کامیابی کے موقع پر ملک بھر میں یومِ تشکر منانے کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ دن اللہ کے حضور سجدہ شکر ادا کرنے، افواج پاکستان کی بہادری کو خراج تحسین پیش کرنے اور قوم کی حوصلہ افزائی کے لیے منایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ’’بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص‘‘ نے دشمن کی جارحیت کا بھرپور جواب دیا اور پاکستان نے ہر محاذ پر برتری ثابت کی۔ اس کامیابی پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دشمن کی جارحیت کے باوجود پاکستان نے صبر اور مکمل تیاری کے ساتھ اپنے دفاع کو یقینی بنایا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے قوم بالخصوص علماء کرام سے اپیل کی کہ وہ ملک بھر میں اجتماعی دعاؤں اور نفل عبادات کا اہتمام کریں، اللہ کا شکر ادا کریں اور شہداء و غازیوں کے لیے خصوصی دعائیں کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ افواج پاکستان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا اور قوم اپنے فوجی جوانوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔